وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی عید کے تیسرے دن بھی صفائی کے بہترین انتظامات کے لئے سی ڈی اے اور اسلام آباد پولیس کی ٹیموں کو مانیٹرنگ کی ہدایت

198
ایف ایٹ انڈر پاس دسمبر کے آخری ہفتے میں آمدورفت کے لئے کھول دیا جائے گا ، محسن نقوی

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دارالحکومت میں عید کے تیسرے دن بھی صفائی کے بہترین انتظامات کے لئےسی ڈی اے اور اسلام آباد پولیس کی ٹیموں کو مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے ۔وفاقی وزیرداخلہ نے کہاکہ صاف اسلام آباد مشن کے لیے کوئی کسر نہیں رکھی جائے گی ۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو ٹیلی فون کرکے کلین اسلام آباد آپریشن کی خود نگرانی کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہاکہ عید کے پہلے دو دن سی ڈی اے اور اسلام آباد پولیس نے عوامی خدمت کی اعلی مثال قائم کی۔

سی ڈی اے نے اسلام آباد کو صاف رکھنے کےجذبے اور عزم کے ساتھ کام کیا،عید کے آخری دن بھی اسلام آباد میں صفائی کے عمدہ اور موثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بتایاکہ اسلام آباد میں زیرو ویسٹ آپریشن کے لئے سی ڈی اے کی ٹیمیں صبح سے متحرک کردی گئی ہیں ۔مجموعی طور پر عید کے پہلے دو دن سی ڈی اے کے عملہ صفائی نے 144688آلائشیں اٹھا کر سائنٹفک بنیادوں پر تلف کیں۔ صفائی آپریشن میں اب تک 2507.676ٹن آلائشیں تلف کی جا چکی ہیں۔