اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے رہنما سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہمیں اس عید کے موقع پر سرحد پر ملک کے لیے جانیں قربان کرنے والے جوانوں کو نہیں بھولنا چاہیے کیونکہ انہوں نے اپنے آج کو قربان کر کے ہمارے کل کو محفوظ کیا ہے۔
ملتان میں نماز عید کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بجٹ میں ان ضرورت مند طبقات کو ریلیف دیا جائے ،مہنگائی کے پیش نظر مخیر حضرات سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر غریب و مفلس افراد اور قربانی کی استطاعت نہ رکھنے والوں کو اپنی خوشیوں کا حصہ بنائیں ۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو ہم اپنا ملتان کا سمجھتے ہیں اور وہ ہمارے دوست ہیں، وہ دوسری جگہ پر پرائے لگتے ہیں ،ان کو کہتا ہوں کہ آپ یہاں خاندان کے فرد نظر آتے ہیں اس لیے ہمارے آپ کے ساتھ زیادہ بہتر تعلقات ہو سکتے ہیں۔