اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنما ایم این اے میاں احمد رضا مانیکا نے کہا ہے کہ یہ سیاست چمکانے کا نہیں بلکہ ملک بچانے کا وقت ہے ، آئی ایم ایف کے بغیر گزارہ نہیں ہے ، حکومت نے مشکلات کے باوجود بہترین بجٹ دیا ہے ، تنقید برائے تنقید کی سیاست کی بجائے تعمیری اور عوامی سیاست کی ضرورت ہے ، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان میں کوئی نان فائلر نہیں ہوگا، جو جتنا کما رہا ہے اسی تناسب سے ٹیکس ادا کرے تو بہت سی معاشی مشکلات ہمیشہ کے لئے ختم ہوجائیں گی ۔
وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں’’اے پی پی ‘‘ سے گفتگوکر رہے تھے ۔ ایم این اے میاں احمد رضا مانی نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو مسائل سے نکالنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ، ہم آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاتے تو ملک معاشی عدم استحکام کا شکار ہوجائے گا ، ہم سخت فیصلے عوام کی خوشحالی اور ملکی ترقی کے لئے کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی 38فیصد سے کم ہو کر 12فیصد پر آنے میں حکومت کی مثبت اور عوام دوست پالیسیوں کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی حکومت نے اپنا سفر شروع کیا ہے ،اسے چلنے دیں ، اگر کسی کارکردگی دیکھنے اور ثمرات کا جائزہ لینا ہے تو وہ ایک سال بعد دیکھ لے ، ہر سال ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی میں اضافہ نظر آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بتایا جائے کہ پاکستان کے علاوہ نان فائلر کہاں پر سہولیات حاصل کر رہے ہیں ، ٹیکس فائلنگ کے نظام کو آسان بنانے کی ضرورت ہے ، جو جتنا کما رہا ہے اس تناسب سے ٹیکس بھی دے ۔
میاں احمد رضا مانیکا نے کہا کہ زراعت بہت اہم شعبہ ہے اسے کو ترقی دینے کے لئے حکومت سہولیات فراہم کر رہی ہے ، آئی ایم ایف نے بھی کہہ دیا ہے کہ ملکی معیشت کا 70فیصد زراعت سے ہوتو اسے ترقی کے لئے مواقع فراہم کیے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو بھی ریلیف فراہم کرنا ہوگا کیونکہ صنعتیں چلیں گی تو پیداوار میں اضافہ ہوگا اور پیداوار بڑھنے سے روزگار بھی بڑھیں گے اور عوام کے لئے آسانیاں بھی پیدا ہوں گی ۔