ستیانہ روڈ پر واقع محلہ شریف پورہ میں ہولناک آتشزدگی کی زد میں آ کر جھلسنے والی دادی اور پوتی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

133
چین ، دکان میں آگ لگنے سے 5 افراد ہلاک

فیصل آباد۔ 23 جون (اے پی پی):تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ ستیانہ روڈ پر واقع محلہ شریف پورہ میں گھر میں ہولناک آتشزدگی کی زد میں آ کر بری طرح جھلسنے والی دادی اور پوتی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔سینکڑوں افراد نے شرکت کی ہر آنکھ اشکبار تھی اور ’علاقے کی فضا سوگوار تھی۔ تفصیلات کے مطابق محلہ شریف پورہ کے رہائشی محمد احمد کے گھر کے کمرے میں لگنے والی آگ نے اس کے سارے خاندان کو اپنی لپیٹ میں لے کر موت کی وادی میں پہنچا دیا۔

الائیڈ ہسپتال کے برن یونٹ میں زیر علاج محمد احمد کی والدہ فرحت بی بی اور کمسن بھتیجی ایمان فاطمہ بھی گزشتہ رات گئے زندگی کی بازی ہار گئی۔ دونوں کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد انہیں محلہ شریف پورہ کے قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ اس سے قبل اسی خاندان کے 7افراد یکے بعد دیگرے زندگی کی بازی ہار چکے ۔ ان میں 4افراد کی نماز جنازہ جمعرات20جون ‘ اس کے بعد مزید 3افراد کی نماز جنازہ بروز ہفتہ 21جون اور مزید 2کی اتوار 23جون نماز جنازہ ادا کی گئی۔ فیصل آباد کی تاریخ میں ایسا المناک واقعہ پہلی مرتبہ پیش آیا ہے جس میں ایک ہی گھر کے 9افراد آگ کے شعلوں میں زد میں آ کر ایک ایک دو دو دن کے وقفے سے زندگی کی بازی ہار گئے۔الیکٹریشن کا کام کرنے والے محمد احمد کی بیوی ‘3بچے ‘1بھائی ‘ والدہ ‘بھاوج اور 2بھتیجے عیدالاضحی کے دوسرے روز گھر کے ایک کمرے میں اے سی چلا کر لیٹے ہوئے تھے کہ رات ساڑھے 12بجے مبینہ اچانک لیپ ٹاپ کے چارجر کی سپارکنگ سے کمرے کو آگ لگ گئی جس نے چند لمحوں میں 9افراد کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا’ آگ لگنے کے فوری کمرے میں ایک زوردار دھماکہ بھی ہوا

عینی شاہدین کے مطابق محمد احمد نے عید سے قبل اپنے اس کمرے میں نیا ایئرکنڈیشنڈ لگوایا تھا جس سے گیس لیک ہوئی ‘ جس نے سارے کمرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور 9افراد بری طرح جھلس گئے۔ جنہیں فوری طور پر الائیڈ ہسپتال کے برن یونٹ میں پہنچایاگیا ڈاکٹروں کی سرتوڑ کوششوں کے باوجود یہ افراد جانبر نہ ہو سکے اور یکے بعد دیگرے 9کے 9ہی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔