وفاقی وزرا عبدالعلیم خان اور جام کمال خان کی زیر صدارت وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین کا "فالو اپ”اجلاس

211
Abdul Aleem Khan
Abdul Aleem Khan

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وزیر اعظم کے حالیہ دورہ چین کا "فالو اپ”اجلاس وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان اور وزیر کامرس جام کمال خان کی زیر صدارت پیر کو منعقدہوا جس میں چینی کمپنیوں سے اب تک کے رابطوں، دو طرفہ تجارتی امور پر ہونے والی پیشرفت اور بزنس ٹو بزنس ایم او یوز کی اب تک کی صورتحال پر غور و خوض کیا گیا۔ سرمایہ کاری بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ چینی کمپنیوں اور پاکستان کے بزنس اداروں کے مابین جلد از جلد "جوائنٹ وینچرز "چاہتے ہیں جس کے لئے متعلقہ محکموں کو فوری طور پر اپنی کارروائی مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنی چاہیے۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ جن کمپنیوں کے ساتھ ابھی تک ایم او یوز نہیں ہوئے اُن چینی کمپنیوں سے بھی پاکستانی کمپنیوں سے رابطے کرائے جائیں تاکہ دورہ چین کو زیادہ سے زیادہ سود مند بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیر کامرس جام کمال خان نے کہا کہ چینی سفارتخانہ دونوں ممالک کے کاروباری گروپس میں با مقصد اجلاس کروائے تاکہ دو طرفہ تجارتی امور کو مزید وسعت دی جا سکے۔

اجلاس میں بیجنگ، شنگھائی، شینزن اور گوانگژو سے پاکستانی سفارتخانے کے ٹریڈ افسران نے اس اعلیٰ سطحی اجلاس کو اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی جبکہ پٹرولیم، صحت، صنعت،اطلاعات،پاور ڈویژن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف وزارتوں کے افسران نے بھی وزیر اعظم کے حالیہ دورہ چین کے حوالے سے رپورٹس پیش کیں۔ سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دورہ چین میں 107پاکستانی اور250چینی بزنس اداروں کے مابین انتہائی سود مند سیشن ہوئے تھے اور 30ایم او یوز پر دستخط ہوئے جن پر ہر لحاظ سے ورکنگ جاری ہے۔