گورنر سندھ کی متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو صوبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت

183

کراچی۔ 24 جون (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو صوبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد، تعاون اور معاونت بھی فراہم کرے گی۔پیر کو یہاں گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سفیرحماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوٸے کیا۔قبل ازیں جب گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانہ پہنچے تو ان کا یو اے ای کے سفیر نے پرتپاک خیرمقدم کیا۔

گورنر سندھ نے متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ون آن ون ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، تجارت میں اضافہ، سرمایہ کاری اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں ایس آئی ایف سی کے تحت سندھ میں بیرونی سرمایہ کاری پر بھی بات چیت ہوئی۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان کی کل آبادی کا 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کو ہنر مند اور بااختیار بنانے کے لئے حکومت پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں عصر حاضر کے آئی ٹی کورسز کی تربیت سے نوجوان خود مختار ہو جائیں گے۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ صوبہ میں زراعت، توانائی سمیت دیگر شعبے سرمایہ کاری کے لئے پرکشش ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو صوبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں اس ضمن میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد، تعاون اور معاونت فراہم کریں گے۔گورنر سندھ نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ، تجربہ کار، محنتی اور نوجوان افرادی قوت سرمایہ کاری کے لئے بہت اہم ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر نے کہا کہ آئی ٹی کورسز سے ٹیکنالوجی کی طرف نوجوانوں کا رجحان بڑھے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کار صوبہ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں۔