حکومت نے مشکل وقت میں ایک اچھا بجٹ پیش کیا ہے، ایوان بالا کی طرف سے مالیاتی بل بارے سفارشات پر مثبت غور کیا جائے گا، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب

148

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے مشکل وقت میں ایک اچھا بجٹ پیش کیا ہے، ایوان بالا کی طرف سے مالیاتی بل میں شمولیت کے لئے جتنی بھی سفارشات آئی ہیں ان پر مثبت غور کیا جائے گا۔ پیر کو ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ کمیٹی کی طرف سے جتنی بھی سفارشات آئی ہیں وہ معیشت کی بہتری کے لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی فنانس کمیٹی میں ہماری پوری ٹیم اور ایف بی آر نے بھرپور ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ بحث پر تمام سینیٹرز کی رائے پر مبنی نکات یومیہ ہمیں موصول ہوتے رہے ہیں، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے بہت محنت سے سفارشات تیار کی ہیں، ان سفارشات کا ضرور جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی بجٹ تقریر میں مالیاتی بل کے لئے سینیٹ سفارشات عملدرآمد سے متعلق صورتحال سامنے آ جائے گی۔