لاہور۔26جون (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل اوقاف و مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا ہے کہ روادارانہ فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے صوفیا کے نظامِ فکر و عمل کو اپنانا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں حضرت شاہ دولہ دریائی گجرات کے416 ویں سالانہ عرس کا افتتاح و رسمِ چادر پوشی کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ برصغیر میں شرف آدمیت اور تکریم انسانیت کے عنوان کو صوفیا نے عزت اور تقویت بخشی،صوفیا کی تعلیمات کے ابلاغ سے ہی فلاحی معاشرے کی تشکیل اور دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا،
انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ صوفیا کے اسلوب دعوت و تبلیغ کو عام کیا جائے۔اس موقع پر زونل خطیب اوقاف گوجرانوالہ مولانا بشیر احمد فاروقی،ڈسٹرکٹ منیجر اوقاف گجرات افتخار احمد،ضلعی خطیب اوقاف حافظ محمد سعید اور خطیب امام جامع مسجد دربار حضرت شاہ دولہ دریائی مولانا طارق محمود سمیت دیگر مشائخ و عظام بھی ڈی جی اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کے ہمراہ تھے۔
ڈائریکٹر جنرل اوقاف و مذہبی امور نے اس موقع پر عرس انتظامات کا جائزہ،بالخصوص سکیورٹی، صفائی اور لنگر کے امور کا معائنہ کیا۔انہوں نے زونل ایڈ منسٹریشن اوقاف کو ان کی بہترین مینجمنٹ اور انتظامات کو سراہا۔اس موقع پر زائرین و عقیدتمندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔واضح رہے کہ سالا نہ عرس مبارک کی تقریبات دو روز تک جاری رہیں گی جس کے لیے محکمانہ سطح پر سکیورٹی،صفائی اور لنگر کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔