ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ اور سینیٹر عائشہ رضا فاروق کا این ای او سی کا دورہ

118

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ اور وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے چارج سنبھالنے کے بعد جمعرات کو نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا۔این ای او سی کی ٹیم نے ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ اور سینیٹر عائشہ رضا فاروق کو پولیو وائرس کی موجودہ صورتحال، رواں سال کیسز اور مثبت ماحولیاتی نمونوں کی تعداد، پولیو سرویلنس اور آئندہ ہفتے منعقد ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کی تفصیلات سے متعلق آگاہ کیا۔

این ای او سی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے سینیٹر عائشہ رضا فاروق کا ان کے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر خیرمقدم کیا اور کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے انہیں انسدادِ پولیو پروگرام اور وزیر اعظم کے دفتر کے مابین براہ راست ہم آہنگی کو بہتر بنانے کے لئے تقرر کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومتِ پاکستان پولیو کے خاتمے کی جاری کوششوں کی قیادت کر رہی ہے اور آپ کو ہر قدم پر وزارتِ صحت کی مکمل حمایت حاصل رہے گی۔ اس موقع پر سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کو ملک میں پولیو کیسز کی تعداد میں اضافہ پر گہری تشویش ہے اور یہی وجہ ہے کہ مجھے یہ اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے تاکہ مثبت اور پائیدار پیشرفت کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہمیں مثبت پیشرفت کے لئے تین ماہ کا وقت دیا ہے لہذا اگلے چند ماہ انتہائی اہم ہیں جہاں نہ صرف ہمیں مہمات کے معیار کو بہتر بنانا ہے بلکہ سرویلنس کو مضبوط کرنا ہے اور وائرس کی منتقلی کو روکنے پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو پروگرام نے ماضی میں بہت اچھا کام کیا ہے اور مجھے اس بات کا یقین ہے کہ یہ ٹیم ہر لحاظ سے ایک بہترین ٹیم ہے جو یہ کام کرسکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ وزیراعظم کو پولیو کے بارے میں باقاعدگی سے بریفنگ دیتی رہیں گی اور اس کے ساتھ ساتھ این ای او سی میں انسدادِ پولیو مہمات اور سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کرتی رہیں گی۔این ای او سی کے کوآرڈینیٹر محمد انوارالحق نے سینیٹر عائشہ فاروق کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پولیو کے خاتمے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے حکومت اور شراکت دار مل کر ایک نئے عزم کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور ان علاقوں میں جہاں وائرس مسلسل سے موجود ہے وہاں زیادہ توجہ سے کام جاری رکھیں گے۔عائشہ رضا فاروق کو منگل کو وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو مقرر کیا گیا تھا۔ انہوں نے پہلے بھی 2013 سے 2018 تک اسی کردار میں خدمات انجام دی ہیں۔