پنجاب حکومت کے اقدامات سے مہنگائی میں نمایاں کمی ہو ئی ، ایوان میں حزب اختلاف کا رویہ افسوسناک ہے،وزیر اطلاعات پنجاب کی پریس کانفرنس

102

لاہور۔28جون (اے پی پی):وزیر اطلاعات ونشریات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے اقدامات سے مہنگائی میں نمایاںکمی ہو ئی ، وزیر اعلی مریم نواز نے ایوان میں 100دنوں کی کار کردگی پیش کر دی ،پنجاب اسمبلی میں حزب اختلاف کا رویہ افسوسناک ہے ،تحریک انصاف پنجاب کی ترقی سے جلتی ہے ۔جمعہ کو پنجاب اسمبلی کے باہر پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف بد تمیزی کر کے پنجاب حکومت کو دبا لے گی تو یہ اس کی غلط فہمی ہے، ہم بھی حزب اختلاف میں رہے ہیں مگر ان جیسی بدتمیزی نہیں کی ،بدتمیزی اور گالم گلوچ حزب اختلاف کا وطیرہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ منظوری کے بعد یہ روایت ہے کہ وزیر اعلی اپنا روڈ میپ دیتے ہیں ، وزیر اعلی مریم نواز نے اپنے100 دنوں میں جو پراجیکٹس شروع کئے اس کو دو گھنٹوں کی تقریر میں بھی مکمل بیان نہ کیا جا سکا کیونکہ ایوان میں دوسری طرف غنڈہ گردی کی جا رہی تھی ،ایک طرف وزیر اعلی پنجاب مہنگائی کم کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے بتا رہی تھیں تودوسری طرف اپوزیشن کی طرف سےغیر مہذب الفاظ استعمال کیے جاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر ملک محمد احمد خان کے ہوتے ہوئے جتنی آزادی سے انہوں نے گالم گلوچ کی ،کسی دور میں ایسی آزادی نہیں ملی ، ان کو اندازہ نہیں کہ انہیں وہ تمام سہولیات مل رہی ہیں جو ایک حزب اقتدارکے رکن کو حاصل ہوتی ہیں اور پن ڈراپ سائلنس کے ساتھ انہیں تقریر کرنے کا وقت بھی دیا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں جوکچھ ہوا ہے اس کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ اسمبلی میں ہم حزب اختلاف کے کسی رکن کی تقریر نہیں سنیں گے ،وزیر اعلی نے بہت اچھا بتایا کہ یہ اپنے دور میں کہاں مصروف تھے ،یہ لوگ اس وقت تقرریوں اور تبادلوں میں پیسے لینے میں مصروف تھے ۔ عظمی بخاری نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا ہے کہ ہائوس کو چلانے کے لیے اب وہ آئینی اقدامات اٹھائیں گے جو ان کو لینے چاہئیں ،ایسی ایسی غیر مہذب باتیں ایوان میں یہ لوگ کرتے ہیں تو اب بانی پی ٹی آئی بارے بھی بات کی جائے گی ،لیکن یہ بات تو طے ہے کہ حکومت اور اپوزیشن حکومت چلانے کے لیے بہت ضروری ہوتے ہیں ،اگر ان کو لگتا ہے کہ یہ گالیاں دے کر یا غنڈہ گردی کر کے ہم پر دبا ئو ڈال سکتے ہیں تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ تقریر کے دوران اس طرح کی باتیں کرنا کس آئین میں لکھا ہے ،ہم ماحول خراب نہیں کریں گے، ہم اس ماحول کے اندر چار ماہ سے ایوان میں غیر شائستہ گفتگو سن رہے ہیں ،اب برداشت کا معاملہ حد سے گزر رہا ہے ۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ تحریک انصاف کیوں پنجاب کی ترقی سے جلتی ہے ،ان کو بزدار جیسا شخص چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف خدمت اور دوسری طرف گالم گلوچ کی سیاست کی جا رہی ہے۔ 9مئی کے ذمہ دار بدتمیزی کرتے ہیں۔ عظمی بخا ری نے کہا کہ جب وزیر اعلی مریم نواز نے حلف لیا تو وہ اپوزیشن کے پاس گئیں اور انہیں دعوت دی کہ آئومل کر صوبے کو ترقی کی جانب گامزن کریں اور اپنے تمام سیاسی اختلافات کو بھلا کر ملک کی بہتری کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو یہ لگتا ہے کہ حب الوطنی کو ہماری کمزوری سمجھ کر ،بدتمیزی اور گالم گلوچ کر کے ہم کو ڈومینیٹ کرلیں گے توایسا نہیں ہوگا۔

عظمی بخاری نے کہا کہ اپوزیشن نے اس طرح کی سیاست کا وطیرہ بنا لیا ہے، ہمیں اپوزیشن جیسا رویہ اختیار کرنے پر مجبور نہ کیاجائے ،ہم نے اخلاقیات کا دامن نہیں چھوڑنا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں روٹی کی قیمت میں کمی کا اعلان ہوا لیکن اس پر عمل در آ مد نہیں ہوا جبکہ وزیر اعلی مریم نواز نے جو کہا اس پر عمل کر کے دکھایا، حسد میں جلنے کے بجائے پنجاب کی طرح خیبر پختونخو کے وزیراعلی ایئر ایمبولینس اور فیلڈ ہسپتال لائیں۔

ایک سوال کے جواب میں عظمی بخاری نے کہا کہ جلد صوبے میں ایسا سسٹم لانچ کر رہے ہیں کہ عوام ایک ہیلپ لائن کے ذریعے شکایت درج کروا سکیں گے جسے وزیر اعلی مریم نوازخود مانٹیرنگ کریں گی۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب سے وزیر اعلی مریم نواز اقتدار میں آئی ہیں نہ کسی کی میرٹ کے برعکس بھرتی ہو ئی ہے اور نہ کسی کو کوئی ٹھیکہ لینے کیلئے رشوت دینے کا سہارا لینا پڑا ہے۔