عید الاضحی صفائی پلان پر کامیاب عملدرآمدپر ویسٹ ورکرز کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

118
Maryam Nawaz
Maryam Nawaz

فیصل آباد۔ 29 جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پرضلع بھر میں عید الاضحی صفائی پلان پر کامیاب عملدرآمدپر ویسٹ ورکرز کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں تقریب منعقد ہوئی۔کمشنر فیصل آباد سلوت سعید نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ بھی موجودتھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ ساتھ ضلع کونسل،لوکل گورنمنٹ اور میونسپل کمیٹیز کے ویسٹ ورکرزنے تین دن لگاتار جذبے کے تحت کام کرکے ضلع کوقربانی کے جانوروں کی الائشوں سے پاک کرکے اہل فیصل آباد کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ تقریب میں شریک ہوکر خوشی اور فخر محسوس ہورہا ہے۔ در اصل ویسٹ ورکرز ہی اس میگا ایونٹ کے مہمان ہیں جنہوں نے عید الاضحی کے گرم ترین ایام میں جس سپرٹ کے تحت خدمات انجام دیں کامیابیوں کا سہرا ان کے سر ہے۔

کمشنر نے کہا کہ عوامی سروے کے مطابق فیصل آباد کی تاریخ میں صفائی اپریشن کا تاریخی کارنامہ انجام دیا گیا۔عید الاضحی صفائی پلان وضع اور سب سے بڑھ کرموثر عملدرآمد سے مطلوبہ نتائج حاصل ہوئے۔انہوں نے کہا کہ کنٹرول رومز میں مامور سٹاف کی کاوشیں بھی لائق تحسین رہیں۔سٹاف نے 5 ہزار سے زائد شہریوں کی کالز خندہ پیشانی سے سنیں اور انہیں کیوئیک رسپانس دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دوران وزٹ تینوں ایام میں ویسٹ ورکرز یونیفارم میں الائشیں جمع کرنے کے لئے گلی محلوں اور سڑکوں پر ڈیوٹی پر موجود نظرآئے۔ٹیمیں جس متحرک انداز میں کام کرتی دکھائی دیں وہ لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام ویسٹ ورکرز کے اعزاز میں پروقار تقریب کے انعقاد کو سراہااور کہا کہ کم وسائل کے باوجود جذبہ میں کمی نہیں آنے دی گئی۔ اس جذبے کو ماند نہیں پڑنے دیں گے۔انتظامیہ ہمہ وقت ساتھ کھڑی اور بالخصوص ویسٹ ورکرزہماری ٹیم کا حصہ ہیں۔کمشنر نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن نے جگہ جگہ ویسٹ ورکرز کے لئے ٹھنڈے ومیٹھے پانی کی سبیلیں لگاکر انقلابی اقدام کیا۔ڈویژنل وضلعی انتظامیہ آئندہ بھی عوامی خدمت کے معیار میں تعطل نہیں آنے دے گی اور ستھرا پنجاب پروگرام کے مقاصد مشترکہ اقدامات سے پورے کریں گے۔کمشنر فیصل آباد نے افسران اور ویسٹ ورکرز میں شیلڈز اور تعریفی سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔کمشنر ویسٹ ورکرز کی نشستوں پر گئیں اور ان کی کاوشوں کا اعتراف کیا۔سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رؤف احمد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز نعمان افضل اعوان،احمد سلیم چشتی،اسسٹنٹ کمشنرز،چیف آفیسرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔