سیالکوٹ۔2جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے ایم پی اے محمد عارف ہرناہ کے ہمراہ ڈھلے والی اور کوٹلی لوہاراں کا دورہ کیا اور برساتی نالوں کی ڈی سلٹنگ کے کام کا معائنہ کیا۔چیف آفیسر ضلع کونسل الفت شہزاد وڑائچ نے جاری کام کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا کہ مون سون کے دوران آبی گذرگاہوں سے بلا رکاوٹ پانی کا نکاس شہریوں کے جان و مال کو محفوظ بنانے کیلئے نہایت اہم ہے۔اس مقصد کے لیے ضلع بھر میں تمام چھوٹے بڑے برساتی نالوں کی صفائی کا کام بیک وقت شروع کیا گیا ہے اور اسے ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،
توقع ہے کہ یہ کام اسی ہفتے مکمل کر لیا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع کونسل سیالکوٹ کے چیف آفیسر اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ڈی سلٹنگ کا کام مقررہ وقت میں مکمل کر لیا جائے گا ۔ رکن صوبائی اسمبلی رانا محمد عارف ہرناہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق حکومت پنجاب نے مون سون بارشوں کے آغاز سے قبل ہر طرح کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے تمام اداروں کو متحرک کر دیا ہے۔