پشاور۔ 02 جولائی (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر پشاورانجنیئر نوید اخترنے کہا ہے کہ ریسکیو 1122 پشاور نے جون میں 4001 ایمرجنسیز میں خدمات فراہم کیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرانجنیئرنوید اخترکی زیرِ صدارت ہونے والےاجلاس میں ماہانہ ایمرجنسیز رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران ریسکیو1122 پشاور نے اپنا رسپانس ٹائم برقرار رکھتے ہوئے 4001 متاثرہ افراد کو ریسکیو کیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اختر نے کہا کہ گزشتہ ماہ میں 402 ٹریفک حادثات، 3272 میڈیکل ،97 آتشزدگی ، 77جرائم(لڑائی جھگڑے اور گولی) ، 15 ڈوبنے ،4مکان یا چھت گرنے کے واقعات اور 29 دیگر ایمرجنسیز میں خدمات فراہم کی گئیں، جن میں گاڑی کا کھائی میں گر جانا، چرندو پرند کا پھنس جانے کی ایمرجنسیز شامل ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ ماہ میں 4164 متاثرہ افراد کو بروقت طبی امداد فراہم کرتے ہوئےمختلف ہسپتالوں کومنتقل کیا گیا جبکہ اس دوران 112 افرادمختلف ٹریفک حادثات میں موقع پرجاں بحق ہوگئے۔ ریفرل ایمبولینس سروس سے متعلق انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ میں 101 متاثرہ افراد کو بہتر علاج و معالجے کے لیے چھوٹے سرکاری ہسپتال سے دوسرے سرکاری ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کرتے ہوئے منتقل کیا گیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر پشاور انجنیئر نوید اختر نے بتایا کہ روزمرہ کی بنیاد پر مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو بنیادی زندگی و آگ سے بچاو سے متعلق تربیت فراہم کی گئی جن میں سکول، کالجز، یونیورسٹیز، سرکاری و نجی اداروں، پولیس، ہوٹلز، کارخانوں، مارکیٹوں اور دیگر اداروں میں کام کرنےاورسرکاری ونجی تعلیمی اداروں کےعملےسمیت طلبہ کو آگ سے بچاو کے حوالے سے تربیت فراہم کی گئی۔