لندن۔5جولائی (اے پی پی):سربیا کے شہرت یافتہ ٹینس سٹار، سیکنڈ سیڈڈ نوویک جوکووچ ،جرمنی کے ٹینس سٹار الیگزینڈر زویروف ،آسٹریلیا کے ایلکس ڈی مینور اور برطانوی ٹینس سٹار کیمرون نوری ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئے جبکہ یونانی ٹینس سٹار سٹیفانوس اورروس کے کیرن خچانوف کو مینز سنگلز دوسرے رائونڈ میں شکست کا سامنا کرناپڑا۔سربین سٹار نے میگا ایونٹ کے مینز سنگلز مقابلوں دوسرے میچ میں حریف میزبان برطانوی کھلاڑی جیکب فیرنلی کو شکست دی۔ سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں جو آل انگلینڈ لان ٹینس اور کروکٹ کلب کے گراس کورٹ پر کھیلے جارہے ہیں ۔
24 گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والے نوویک جوکووچ نے مینز سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف میزبان انگلینڈ کے ٹینس کھلاڑی جیکب فیرنلی کو 3-6، 4-6، 7-5 اور 5-7 سے شکست دی اور تیسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کیا، جہاں فاتح نوویک جوکووچ کا مقابلہ آسٹریلوی حریف کھلاڑی الیکسی پوپیرین سے ہوگا۔ سربین سٹار نوویک جوکووچ مجموعی طور پر 25 ویں گرینڈ سلام کے لئے کوشاں ہیں ۔جرمنی کے ٹینس سٹار الیگزینڈر زویروف نے امریکی حریف کھلاڑی مارکوس اینڈریس گیرون کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6، 1-6 اور 4-6 سے ہرا کر تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔دوسرے رائونڈ کے کھیلے گئے دیگرمیچز میں آسٹریلیا کے ایلکس ڈی مینور اور برطانوی ٹینس سٹار کیمرون نوری ،ڈنمارک کے ہولگر رونے ، برطانوی ٹینس سٹار کیمرون نوری ،اٹلی کے لورینزو موسیٹی ، امریکا کے ٹیلر فریٹز اورفرانسیسی کھلاڑی لوکاس پاؤلی نے کامیابی حاصل کر کے تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔