اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (UAE-GCAA) ٹیم نے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا دورہ مکمل کر لیا۔ ترجمان سول ایوی ایشن کی۔جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اماراتی ایویشن سیکیورٹی ٹیم نے اس سے پہلے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ بھی کیا تھا۔ دو رکنی اماراتی ایوی ایشن سکیورٹی ٹیم کی قیادت سینئر ڈائریکٹر عبداللہ الکعبی نے کی۔
اماراتی ٹیم نے دونوں ہوائی اڈوں پر ل ایوی ایشن سکیورٹی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ ٹیم نے ایوی ایشن سکیورٹی امور میں مسافر اور سامان کی اسکریننگ، کارگو اور کیٹرنگ سکیورٹی کا جائزہ لیا۔ مہمان ٹیم نے براہِ راست (یو اے ای) جانے والی ایئر لائنز، گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنٹس، ریگولیٹڈ کارگو ایجنٹس اور کیٹرنگ کمپنیوں کا بھی جائزہ لیا۔ ٹیم نے سکیورٹی ایکسس/رسائی کنٹرول، ہوائی جہاز کی سکیورٹی چیک اور دیگر متعلقہ طریقہ کار کی بھی جانچ پڑتال کی۔ اس کے ساتھ ساتھ قومی اور دیگر ایئر لائنز سکیورٹی دستاویزات کا جائزہ بھی لیا گیا۔
یو اے ای-جی سی اے اے کی اماراتی ٹیم نے ڈی بریفنگ سیشن کے دوران شاندار میزبانی پر سول ایویشن سے اظہار تشکر کیا۔ مہمان ٹیم نے ایئرپورٹ مینجمنٹ، اے ایس ایف، ایئر لائنز، کارگو کمپنیوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے سیکیورٹی پروٹوکولز پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ہوائی اڈوں کے سیکیورٹی پروٹوکولز کو بین الاقوامی معیار اور مروجہ بیسٹ پریکٹسز سے ہم آہنگ قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ اماراتی ایوی ایشن سیکیورٹی ٹیم کا یہ اسیسمنٹ دورہ اپنی نوعیت کا پہلا دورہ تھا۔ یو اے ای-جی سی اے اے کا یہ دورہ اس سال ائیکیو اور (یوکے ڈی ایف ٹی) کی جانب سے کی گئی اسیسمنٹس کا تسلسل ہے۔