بی آئی ایس ای راولپنڈی کا میٹرک امتحان کے پہلے سالانہ نتائج 2024کا اعلان ، کامیاب ہونے والے امیدواران کی شرح 73.49 رہی

455
BISE Rawalpindi
BISE Rawalpindi

راولپنڈی۔9جولائی (اے پی پی):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے میٹرک امتحان کے پہلے سالانہ نتائج 2024کا اعلان کر دیا۔فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں میٹرک امتحان کے پہلے سالانہ نتائج 2024 کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔تقریب میں چیئرمین ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی راولپنڈی ایم این اے قمر الاسلام راجہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں ایم این اے ملک ابرار ، اراکین صوبائی اسمبلی راجہ حنیف ایڈووکیٹ ، ضیا اللہ شاہ، ملک افتخار، فلک شیر اعوان، رفعت عباسی، شازیہ رضوان ،ڈی سی چکوال قرت العین،اے ڈی سی ہیڈ کوارٹر راولپنڈی ڈاکٹر زنیرہ آفتاب، چیئرمین راولپنڈی بورڈ محمد عدنان خان،ساجد محمود فاروقی کنٹرولر امتحانات پروفیسر آصف حسین سیکرٹری تعلیمی بورڈ راولپنڈی سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران ، سی ای اوز سمیت دیگر نے شرکت کی۔

تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی غلام علی ملحہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو میڈلز اور انعامات سے نوازا گیا۔میٹرک کے پہلے سالانہ امتحان میں 1لاکھ 20ہزار14 میں سے 1لاکھ 19ہزار 2سو 65 امیدواران نے امتحان میں حصہ لیا۔87ہزار 6سو 39 امیدواران میٹرک کے پہلے سالانہ امتحان میں کامیاب ہوئے۔کامیاب ہونے والے امیدواران کی شرح 73.49 رہی۔ میٹرک کے پہلے سالانہ امتحان میں 59ہزار 9سو 80 طالبات جبکہ 59ہزار 2سو85 طلبہ نے شرکت کی۔مرد امیدواران کی کامیابی کی شرح 66.3 جبکہ طالبات کی کامیابی شرح 80.6 رہی۔جنرل گروپ بوائز میں ہمایوں تاج 1049 نمبر حاصل کرکے پہلی،زوہیب عمران 1017 سکینڈ،جواد محمود ملک نے 1007لیکر تھرڈ پوزیشن حاصل کی۔ جنرل گروپ گرلز میں اقراء سلمان 1105نمبر کے ساتھ فرسٹ،لائبہ عروج 1103سکینڈ،نائمہ فاروقی 1087نمبرز کے ساتھ تھرڈ پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

سائنس گروپ بوائز میں محمد ایان اقبال اور حسن رضا 1170نمبرز کے ساتھ مشترکہ طور پر فرسٹ پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ محمد عبدالرحمان1169نمبر کے ساتھ سیکنڈ،محمد واصل منام 1168نمبر لیکر تھرڈ پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ سائنس گروپ گرلز میں اقصی نور 1179 نمبر کے ساتھ فرسٹ،طیبہ عارف 1178نمبرز کے ساتھ سیکنڈ،عریبہ اصف 1176نمبروں کےساتھ تھرڈ پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی راولپنڈی قمر الاسلام راجہ نے کہا کہ تمام طلبہ کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔کامیاب طلبہ و طالبات کو مری کے گورنر ہائوس میں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔طلبہ و طالبات کو تمام سہولیات دیں گے تاکہ وہ جدید تعلیم سے آراستہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بوٹی مافیا کو ختم کرنے پر راولپنڈی بورڈ کے چیئرمین اور ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔طلباء ملکی سرمایہ ہیں۔ آج کے کامیاب نوجوانوں سے وطن عزیر کا کامیاب مستقبل وابستہ ہے۔عدنان خان کی سربراہی میں بورڈ نے بروقت نتائج یقینی بنائے۔