حکومت پنجاب 50 سے 500 یونٹس تک کے صارفین کو سولر مہیا کرنے جا رہی ہے،کابینہ نے روشن گھرانہ پروگرام کی منظوری دےدی ہے، عظمی بخاری

186
Uzmi Bukhari
محمد نواز شریف ملک و قوم کی بات کرنے والے لیڈر ہیں ۔عظمی بخاری

لاہور۔9جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کابینہ کے ہر اجلاس میں عوام کی بہتری کیلئے ایک سے بڑھ کر ایک منصوبہ آتا ہے۔ آج عام آدمی کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کا مسئلہ ہے، گو کہ بجلی وفاق کا مینڈیٹ ہے مگر عام آدمی کا مسئلہ وزیر اعلی پنجاب کا اپنا مسئلہ ہے ۔ کابینہ نے روشن گھرانہ پروگرام کی منظوری دی ہے۔ بجلی کے بلوں سے ستائے پنجاب کے عوام کے لئے خوشخبری ہے کہ وزیر اعلی پنجاب 50 یونٹس سے 500 یونٹس تک کے صارفین کو سولر مہیا کرنے جا رہی ہیں۔ اس منصوبے کے تحت 90 فیصد حصہ پنجاب حکومت ادا کرے گی جبکہ صرف 10 فیصد حصہ صارفین کو ادا کرنا ہوگا۔

یہ بلین روپے کا منصوبہ ہے جسکی تفصیلات جلد عوام کے سامنے آ جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ پنجاب میں آٹے کی قیمت کو نوٹیفائی کیا گیا ہے جس پر پوری کابینہ نے وزیر اعلی پنجاب کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری وزیر اعلی آٹے ، آلو، پیاز و دیگر اشیا خوردونوش کی قیمتیں کم کرنے آئی ہیں اور اس حوالے سے انکا زیرو ٹالرنس ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ بہت جلد سوشو اکنامک رجسٹری اپنا کام کرنے لگ جائے گی جس کے تحت مستحقین کا ڈیٹا اکٹھا ہوگا اور وہ وزیر اعلی پنجاب کے طرف سے دی جانے والی سبسڈی اور ریلیف سے مستفید ہو سکیں گے ۔

اس سے بڑی کوئی بھی سوشل سروس نہیں ہو سکتی۔ میں چیلنج کرتی ہوں کہ وزیر اعلی پنجاب کا کوئی بھی منصوبہ صرف کاغذوں کی حد تک نہیں ہے۔ جو انہوں نے کہا اسے کر کے دکھایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میری وزیر اعلی نے کہا تھا کہ کرپشن انکی ریڈ لائن ہے اور اس بات کو انہوں نے ثابت بھی کر کے دکھایا۔ پنجاب میں کوئی بھی ٹینڈر ملی بھگت ، سفارش یا انڈر ٹیبل نہیں ہوگا۔ اب ای ٹینڈرنگ ہوگی اور سب کے سامنے ہوگی۔ اس موقع پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ تعلیم میں نئی ریفارمز، کمپری ہینسوو پروگرام لا رہے ہیں۔

دانش سکول فلیگ شپ پراجیکٹ، تنقید والوں کیلئے میٹرک کا نتیجہ کافی ہے۔سرکاری سکول معیاری سکول کا وعدہ پورا کریں گے۔ وی سیز تعیناتیوں کیلئے کمیٹی بنا دی ہے۔ ہم نے ابتدائی چند ماہ میں سرکاری سکولوں کا تعلیمی معیار اس حد تک بہتر کر دیا ہے کہ میٹرک امتحانات میں پبلک سیکٹر کے سکولوں نے پرائیویٹ سکول مافیا کو مات دی ہے اور ان سے پوزیشنز چھینی ہیں۔ پبلک سکول سسٹم اتنا بہتر کریں گے کہ نجی سیکٹر اپنی فیسیں کم کرنے پر مجبور ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میٹرک امتحانات میں ہم نے بوٹی مافیا کے خریدے گئے 270 سنٹرز پکڑے اور انٹر امتحانات میں اس حوالے سے زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنائی جس کے نتائج آج سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 سال بعد 9 میں سے 5 بورڈز میں سرکاری سکولز ٹاپ پوزیشن پر رہے ہیں جس پر میں پنجاب کی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ وزیر اعلی نے پوزیشن ہولڈرز بچوں کیلئے 25 کروڑ روپے کے ایوارڈز رکھے ہیں۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ جب ہم حکومت میں آئے تو ایک لاکھ 18 ہزار اساتذہ کی شارٹیج تھی۔ ہم سمارٹ پالیسی کے تحت اس مسئلے کو حل کرتے ہوئے سرپلس اساتذہ کو یوٹیلائز کرتے ہوئے شارٹیج کو 38000 پر لائے ہیں۔ اس کے علاہ 2000 ایسی پوسٹیں تھیں جو سکول انفارمیشن ایپ میںچھپائی گئی تھیں، ہم نے انہیں عیاں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ای ٹرانسفر پالیسی میں رشوت یا سفارش نہیں چل سکے گی۔ ساتھ پنجاب میں ڈیڑھ لاکھ بچوں کیلئے تین تین ماہ کے فنی کورسز پر مشتمل فاونڈیشن لرننگ پروگرام متعارف کروایا گیا ہے ۔