چین اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پر محیط دوستی کا رشتہ مضبوط اور مستحکم ہے، چینی سفیر

100
Jiang Zedong
Jiang Zedong

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پر محیط دوستی کا رشتہ مضبوط اور مستحکم ہے، دونوں ممالک امن اور ترقی کے خواہاں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی پیک پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک امن و ترقی کے خواہاں ہیں ،ہمیں امن اور ترقی کےلئے مل کر کام کرنا ہو گا،چین پاکستان میں امن اور ترقی کا خواہاں ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ عالمی سطح پر انصاف کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، چین دنیا کے جنوبی علاقوں کا رکن ملک ہے، حالیہ چند سالوں میں دنیا کے جنوبی ممالک معاشی ترقی کی علامت بن کر ابھرے ہیں۔

چینی سفیر نے کہا کہ دنیا کے جنوبی خطے میں واقع ممالک عالمی معاملات میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں، چین کے صدر شی جن پنگ نے جنوبی ممالک میں ترقی کے عمل کو فروغ دینے کے لئے فورم فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے صدر نے دنیا کے جنوبی ممالک کی ترقی کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں،وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین میں ہونے والی مفاہمتی یادداشتوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعلقات کو سی پیک کے ذریعے آگے بڑھایا جا رہا ہے، گوادر بندرگاہ اور خصوصی اقتصادی زونز کے ذریعے برآمدات میں اضافے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان گرین انرجی، تیل و گیس کی تلاش اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا، اقتصادی راہداری کے ذریعے تمام ممالک سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔