فیصل آباد ۔ 14 جولائی (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)کے ترجمان طاہر محمود شیخ نے کہاکہ فیسکو کے دائرہ کار میں آنےوالے آٹھوں اضلاع فیصل آباد،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، سرگودھا، خوشاب، بھکر اور میانوالی کے صارفین بجلی کوآگاہ کیا جا تا ہے کہ وہ بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال اورمون سون کی بارشوں کے دوران بجلی کے ممکنہ حادثات یا ناگہانی صورتحال سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل یقینی بنائیں۔
انہوں نے اے پی پی سے بات چیت کے دوران کہا کہ جانوروں و مویشیوں کو بجلی کے پولزیا سپورٹنگ وائرز کے ساتھ نہ باندھا جائے، کپڑے سکھانے کیلئے دھاتی تار کا ہرگز استعمال نہ کیاجائے کیونکہ اس میں باآسانی کرنٹ آ جاتا ہے بلکہ اس کی جگہ رسی یا ڈوری کو استعمال میں لائیں اسی طرح بجلی کی استری، واشنگ مشین، ریفریجریٹر، پانی کی موٹروں اوردیگر برقی آلات کے استعمال کیلئے تین پنوں والے شو کا استعمال کریں اور ان چیزوں کو باقاعدہ ارتھ کروائیں اور اگر بجلی کی وائرنگ میں کسی بھی قسم کا نقص ہو تو اس کو فوراًدرست کروائیں۔
انہوں نے کہاکہ صارفین کپڑے استری کرتے وقت پیروں تلے خشک کپڑا، کمبل، قالین کا ٹکڑایا لکٹری کا ٹکڑا رکھیں اور ربڑ سول کی چپل کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہاکہ صارفین ہاتھ، کپڑے یا جوتے گیلے ہونے کی صورت میں بجلی کے سوئچ، تار اور آلات کو ہرگز نہ چھوئیں جبکہ بجلی کے کھمبوں اور ان کو سہارا دینے والی تاروں کے ساتھ اور نہ ہی ہائی ٹینشن تاروں کے نیچے مویشی بھی باندھیں کیونکہ اس سے کسی بھی وقت کوئی حادثہ رونما ہو سکتا ہے نیز اگر کسی کھمبے، سٹرکچر گھریلو وائرنگ یا دیوار میں کرنٹ آجائے یا کسی وجہ سے بجلی کی لائنوں سے کوئی تار ٹوٹ کر نیچے گر جائے تو اس کی فوری اطلاع اپنے بجلی کے بل پر درج فیسکو سب ڈویژن کے نمبر،ٹول فری نمبر080066554 ہیلپ لائن 118یا فیسکو ہیڈکوارٹرزکے مرکزی کمپلینٹ سنٹر کے نمبرز0419220290اور0419220618پر رابطہ کرسکتے ہیں۔علاوہ ازیں صارفین فیسکو کے آفیشل فیس بک پیج،موبائل ایپلیکیشن ”فیسکو لائیٹ”اور 8118پر ایس ایم ایس کرکے بھی اپنی شکایت درج کراسکتے ہیں۔