کراچی۔ 17 جولائی (اے پی پی):شہرقائد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس بدھ کونشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہو گا۔دس محرم الحرام کے مرکزی جلوس سے قبل نشترپارک میں مجلس عزاء سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں پرروشنی ڈالی۔جس کے بعد مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر اختتام پذیر ہوگا۔
ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم عاشورہ کے مرکزی ماتمی جلوس میں شرکت کی،اس موقع پر صوبائی وزراء سعید غنی، ضیا لنجار، وقار مہدی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی آمد پر آئی جی پولیس نے سکیورٹی انتظامات سے متعلق آگاہی دی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نمائش پر ماتمی جلوس کی قیادت کی۔اس موقع پر پانی اور شربت کی سبیلیں بھی لگائی گئیں،
سماجی تنظیمیں عزاداروں میں کھانے پینے کی اشیا تقسیم کرتی رہیں، اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔ایم اے جناح روڈ کے اطراف کی تمام گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ہیں جبکہ راستے میں آنے والی تمام دکانیں بھی سیل کی گئی ہیں۔