پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ 25جولائی تک جاری رہے گا،ترجمان پی ڈی ایم اے

139

لاہور۔23جولائی (اے پی پی):لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق منگل کو صوبائی دارالحکومت ، گوجرانولہ، گجرات، سیالکوٹ، حافظ آباد ،منڈی بہا الدین، راولپنڈی اور سیالکوٹ میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی، مون سون بارشوں کا یہ سپیل 25جولائی تک جاری رہے گا۔اس دوران صوبے کے بیشتر اضلاع خصوصا جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آندھی اور تیز بارش کے امکانات ہیں، ان بارشوں سے گرمی اور حبس کی شدت میں کمی ہو گی۔

دریں اثنا ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کریں،طوفانی ہوائوں سے بجلی کے کھمبوں اور سولر پلیٹوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں،نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد ازجلد یقینی بنایا جائے ۔پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے موسمی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔عوام سے التماس ہے کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔