سرکاری ملازمت کا جھانسہ دے کر رشوت لینے کا الزام ،متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کے خلاف ایف آئی اے میں درخواست دائر

312

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر عمران عارف جنجوعہ کے خلاف سرکاری ملازمت میں تقرری کے عوض بھاری رشوت لینے کی باقاعدہ شکایت جمع کرادی گئی۔شکایت کنندہ محمد شبیر نے ایف آئی اے اسلام آباد زون کے ڈائریکٹر کے نام اپنی شکایت میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کے خلاف سرکاری ملازمت کا جھانسہ دے کر بھاری رشوت لینے کا الزام عائد کیا ہے۔

محمد شبیر نے واقعے کی تفصیل میں بتایا ہے کہ اس کا بھتیجا شہروز اقبال ایک پڑھا لکھا نوجوان ہے جو روزگار کی تلاش میں ہے۔ شکایت کنندہ نے بتایا کہ شہروز کے لیے سرکاری نوکری حاصل کرنے کی کوشش کے دوران ایک مشترکہ دوست نے اس کا تعارف متروکہ وقف املاک بورڈ کے عمران عارف جنجوعہ سے کرایا، عمران عارف جنجوعہ اس وقت میریٹ ہوٹل اسلام آباد کے قریب متروکہ وقف املاک بورڈ کمپلیکس میں پلازوں کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کے طور پر تعینات ہیں ۔ محمد شبیر کا کہنا ہے کہ عمران جنجوعہ نے اسے یقین دلایا کہ وہ شہروز اقبال کو نائب تحصیلدار کے طور پر تعینات کرنے کا بندوبست کر سکتا ہے جس کے بدلے اس نے پچاس لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ اپنی درخواست میں محمد شبیر نے دعویٰ کیا کہ اس نے عمران عارف جنجوعہ کو اس کام کے عوض تیس لاکھ روپے نقد ادا کر دئیے، یہ رقم محمد رفیق ( شناختی کارڈ نمبر7-0374582- 37405 ) اور مزمل حسین (شناختی کارڈ نمبر-58414262 -37405 ) کی موجودگی میں ادا گئی۔ دونوں گواہان کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔محمد شبیر نے بتایا کہ میں نے وعدہ کیا کہ باقی ماندہ رقم (20 لاکھ روپے) تقرری لیٹر کے اجراء پر ادا کی جائے گی۔ تاہم چھ ماہ گزرنے اور ابتدائی ادائیگی کے باوجود عمران عارف جنجوعہ نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا اور شہروز اقبال کے لیے نوکری کا بندوبست نہیں کیا۔

اپنی شکایت میں شبیر نے ایف آئی اے سے درخواست کی ہے کہ عمران عارف جنجوعہ کے خلاف مناسب فوجداری کارروائی شروع کی جائے اوردوران ملازمت بنائے گئے اس کے تمام اثاثوں کی بھی انکوائری کی جائے۔ 22 جولائی 2024 کو محمد شبیر کی طرف سے دائر کی گئی درخواست میں ایف آئی اے سے مطالبہ کیا گیا ہےکہ پورے معاملے کی تحقیقات کرکے قانون کے مطابق ضروری کارروائی کی جائے، اس سلسلے میں جب عمران عارف جنجوعہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ مجھ پر الزام ہے۔

مصدقہ ذرائع سےیہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزم عمران جنجوعہ کے خلاف ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ایبٹ آباد کو بھی 20 کروڑ روپے کے ایک اور اسکینڈل کی باقاعدہ شکایت موصول ہوئی ہے۔ شکایت کنندہ کامران خان ہری پور کا رہائشی ہے۔ اس نے اپنی شکایت میں بتایا ہےکہ وہ متروکہ وقف املاک کی پراپرٹی نمبر C-50، جو کالج روڈ ہری پور میں واقع ہے، 30 سال کے لیے لیز پر لینا چاہتا ہے۔ اس مقصد کے لیے عمران عارف جنجوعہ نے اس سے 90 لاکھ روپے رشوت کا مطالبہ کیا۔ اس نے کہا کہ میں نے ابتدائی طور پر 15 لاکھ روپے ادا کئے، دو ماہ بعد مزید پانچ لاکھ روپے ادا کئے۔ کچھ عرصہ بعد مزید پانچ لاکھ روپے بھی ادا کر دئیے گئے۔ کامران نے استدعا کی ہے کہ اس کی محنت سے کمائی گئی رقم واپس دلائی جائے اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر عمران عارف جنجوعہ کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔