وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، ثقافت اور ورثہ کا 14 اگست کو منائے جانے والے آزادی کی تقریبات کے انتظامات پر تبادلہ خیال کے لئے سی ڈی اے کا دورہ

105

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، ثقافت اور ورثہ نے 14 اگست کو منائے جانے والے آزادی کی تقریبات کے انتظامات پر تبادلہ خیال کے لئے سی ڈی اے کا دورہ کیا ،وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، ثقافت و ورثہ عطاء اللہ تارڑ نے 14 اگست کو یوم آزادی کے طور پر منائے جانے کے انتظامات پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے بدھ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر (آئی سی ٹی)، ایڈمنسٹریٹر (ایم سی آئی) اور سی ڈی اے کے سینئیر افسران نے شرکت کی۔تقریب کو "آزادی فیسٹ” (AzadiFest) کے طور پر منانے پر تبادلہ خیال کیا گیا جس کا مقصد پاکستانی عوام میں جذبہ حب الوطنی کو زندہ کرنا ہے۔ رواں برس "آزادی فیسٹ” (AzadiFest) میں پرچم کشائی، میوزیکل کنسرٹس، فوڈ فیسٹیول، مختلف پاکستانی ثقافتوں کی نمائش، مختلف شوز، آتش بازی اور اسلام آباد کا پہلا ڈرون شو شامل ہوگا۔

ان تہواروں کے علاوہ شہر کی خصوصی تزئین و آرائش پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں اسلام آباد کے سرکاری شو بنکر مارگو (MarGo Official Mascot of Islamabad) کے ذریعے برانڈنگ، مارگلہ کی نمائندگی کرنے والا "مار” اور خوشحالی کی علامت "گو” شامل ہیں۔”آزادی فیسٹ” (AzadiFest) کو ایک میگا ایونٹ بنانے کے لئے کارپوریٹ اور پرائیویٹ سیکٹرز کو مختلف سرگرمیوں کو اسپانسر کرنے کے لئے مدعو کیا جائے گا۔ جس میں میوزیکل کنسرٹس، لائٹنگ کے انتظامات، شجرکاری مہم، تقریبات کے دوران سٹی برانڈنگ اور ڈرون شو شامل ہیں۔

ایونٹ کے اسپانسرز کو خصوصی مواقع اور مفت جگہ اور سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنے تعاون کے ساتھ ساتھ ان کی برانڈ امیج کو بھی ظاہر کرسکیں۔اجلاس چیئرمین محمد علی رندھاوا کی جانب سے وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ کے یوم آزادی کی تقریبات کو کامیاب بنانے میں ان کے دورے اور تعاون پر شکریہ کے کلمات کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔