اسلام آباد۔25جولائی (اے پی پی):پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر لیب ڈائیگناسٹک سسٹمز (ایل ڈی ایس)نے ہانگژو اے آئی سی ایچ ای کے میڈیکل ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا ہے،یہ تعاون حکومت کے 2030 تک ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے وژن سے مطابقت رکھتا ہے ،اس کے ذریعے پاکستان میں جدید طبی ٹیکنالوجی اور صحت کی دیکھ بھال کے جدید حل کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔
تقریب میں وفاقی وزیر تجارت جام میر کمال خان سمیت معزز شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے صحت کی دیکھ بھال کے نتائج کو بہتر بنانے اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا۔اے آئی سی ایچ ای سی میڈیکل ٹیکنالوجی کے ساتھ اس شراکت داری کا مقصد پاکستان میں ان وٹرو ڈائیگناسٹک (آئی وی ڈی) اور بائیو میڈیکل ریجنٹس میں بہتری لانا ہے۔
اے آئی سی ایچ ای کے، جو اپنے جامع آئی وی ڈی پروڈکٹ سلوشنز کے لئے مشہور ہے، مقامی صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے اور جدید طبی ٹکنالوجیوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے ایل ڈی ایس کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں 22 سال سے زائد کا تجربہ رکھنے والے ایل ڈی ایس کے گروپ سی ای او ظفر محمود نے اس شراکت داری کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ تعاون پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال تک رسائی اور نتائج کو بہتر بنانے کے ہمارے ہدف کی طرف ایک اہم قدم کی نمائندگی کرتا ہے، اے آئی سی ایچ ای کے ساتھ مل کر ہم اپنے ملک میں میڈیکل ٹیکنالوجی میں جدید ترین پیشرفت لا رہے ہیں اور لاکھوں افراد کی زندگیوں کو بہتر بنا رہے ہیں۔
اے آئی سی ایچ ای کے میڈیکل اور بائیوایسٹ گروپ کے سی ای او ین لائی لی نے بھی اس شراکت داری کے لئے اپنے وژن کا اظہار کیا اور کہا کہ ایل ڈی ایس کے ساتھ ہمارا تعاون عالمی صحت کی دیکھ بھال کی مارکیٹ میں ہماری رسائی اور اثر کو بڑھانے کے لئے ہمارے عزم کا ثبوت ہے، ہم مل کر پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال کے چیلنجز سے نمٹنا چاہتے ہیں اور جدت طرازی اور عمدگی کے نئے معیار قائم کرنا چاہتے ہیں۔ تقریب کے دوران ظفر محمود اور ین لائی لی نے باضابطہ طور پر شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کئے۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اسے پاکستان کو خود کفالت کی راہ پر گامزن کرنے کا ایک ترقی پسند اقدام قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کی اس طرح کی مشترکہ کاوشوں سے نہ صرف پاک چین تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ خود انحصاری کے ذریعے پاکستان کے صحت عامہ کے نظام میں بھی بہتری آئے گی۔ وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد نے اس موقع پر کہا کہ یہ ایک بہت بڑا سنگ میل ہے کیونکہ اب تک پاکستان میں ادویات پیک ہوتی تھیں، اب یہاں ادویات تیار کی جائیں گی، اس سے نہ صرف عام آدمی کے لئے ادویات سستی ہوں گی بلکہ وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین میں جو خواب دیکھا گیا تھا اس کی تکمیل کی طرف بھی ایک قدم ہوگا،یہ شراکت داری نہ صرف صحت کے شعبے میں ایک سنگ میل ہے بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں بھی نمایاں اضافہ ہے۔
یہ عالمی سطح پر صحت کے چیلنجوں سے نمٹنے کے مشترکہ عزم کی علامت ہے اور دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کی مضبوطی کو اجاگر کرتا ہے۔