قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کی پارلیمانی سیکرٹریز کے کردار، تنخواہوں اور مراعات کے حوالہ سے قانون سازی کرنے کی سفارش

175

اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے پارلیمانی بزنس کو مؤثر بنانے کےلئے پارلیمانی سیکرٹریز کے کردار، ذمہ داریوں، تنخواہوں اور مراعات کے حوالہ سے قانون سازی کرنے کی سفارش کی ہے۔

جمعہ کوقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس چیئرمین رانا ارادت شریف خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ وزارت پارلیمانی امور کے سیکرٹری نے وزارت کی کارکردگی اور دائرہ کار کے حوالہ سے کمیٹی کو بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ وزارتوں، ڈویژنز اور پارلیمنٹ کے درمیان رابطہ قائم کرنے میں پارلیمانی امور کی وزارت اہم کردار ادا کرتی ہے جو پارلیمنٹ کے سرکاری اور غیر سرکاری بزنس میں ہم آہنگی کے لئے ضروری ہے۔ وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے کمیٹی کو بتایا کہ وزارت پارلیمانی امور ’’پارلیمانی آئوٹ ریچ پالیسی‘‘ کو حتمی شکل دے رہی ہے۔

اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد، راجہ قمر الاسلام، نوید عامر، نگہت شکیل خان، صاحبزادہ صبغت اﷲ، علی محمد خان، حمید حسین اور شاہدہ بیگم نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ کے علاوہ سیکرٹری وزارت پارلیمانی امور اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔