رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے سول ہسپتال اور ٹراما سینٹر کا دورہ کیا جہاں پر مختلف وارڈز کا جائزہ لیا گیا

144

 

 

کوئٹہ۔27جولائی (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے سول ہسپتال اور ٹراما سینٹر کا دورہ کیا جہاں پر مختلف وارڈز کا جائزہ لیا گیا۔ہسپتال انتظامیہ نے نوابزادہ جمال رئیسانی کو بریفنگ دی۔نوابزادہ جمال رئیسانی نے آپریشن تھیٹر، ایکسرے وارڈ اور فارمیسی کا بھی دورہ کیا۔ایم این اے سریاب کو ادویات کے اسٹاک پر بریفنگ دی گئی۔

نوابزادہ جمال رئیسانی نے ادویات کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ آبادی کے تناسب سے کوئٹہ کے اسپتالوں میں استعداد کم ہے، عوام بہتر سہولیات دینے کیلیے ہسپتالوں کی استعداد بڑھانا ناگزیر ہے، کوئٹہ کے نواحی علاقوں میں بھی ٹراما سینٹرز وقت کی ضرورت ہیں۔

نوابزادہ جمال رئسیانی نے کہا کہ حادثات اور دہشتگردی کے شکار افراد کو بروقت امداد دینا مقصد ہمارا مقصد ہے،بروقت طبی امداد نہ ملنے سے اپنوں کے بچھڑنے کے درد سے واقف ہوں، ہسپتالوں میں اسٹاف،سہولیات اور ادویات کی موجودگی یقینی بنائیں گے،ہسپتالوں میں ادویات کی قلت سے بچنے کیلیے اسٹاک کی ڈیجیٹلائزیشن معاون ثابت ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میرا گھر ہےیہاں کہ ہر ایک بنیادی مرکز صحت کا دورہ کروں گا۔