سپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی کا بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کار سرکار میں مداخلت کی مذمت

202

کوئٹہ۔ 29 جولائی (اے پی پی):بلوچستان صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے غیر رجسٹرڈ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے حکومتی امور میں مداخلت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی طرف سے سڑکوں کی بندش اور ہڑتالوں نے لوگوں کی زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔ اپنے جاری کردہ بیان میں اسپیکر نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان ایک ایسا صوبہ ہے جس کا تعلق صرف بلوچوں سے نہیں بلکہ بہت سے دیگر قبائل سے بھی ہے۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی طرف سے سڑکوں کی بندش اور ہڑتالوں نے تمام قبائل کے لوگوں کی زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس سے ان کی روزمرہ کی زندگیوں میں بے پناہ مشکلات اور خلل پڑا ہے۔

اسپیکر نے کہا کہ بلوچستان کی صوبائی اسمبلی میں بلوچ عوام کے نمائندے پہلے سے موجود ہیں اور اگر کسی کو کوئی شکایت ہے تو وہ اپنے نمائندوں کے ذریعے اسمبلی میں اپنا مسائل اجاگر کریں،سڑکیں بند کرنا اور ہڑتال کرنا کسی مسئلے کا حل نہیں ہے ۔سپیکر نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ اس چھوٹے گروہ (بلوچ یکجہتی کمیٹی) کے اقدامات سے غیر ضروری افراتفری اور انتشار پھیل رہا ہے۔

سپیکر نے بلوچ یکجہتی کمیٹی پر زور دیا کہ وہ تعمیری بات چیت کریں اور اپنے تحفظات کو دور کرنے کے لیے مناسب ذرائع سے کام کریں۔ انہوں نے بلوچستان کے تمام شہریوں کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا حکومت اپنے عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے اپنے تمام تر وسائل بروئےکارلائے گا۔