تھانہ کنگن پور کے علاقہ ہیڈ ستوکی روڈ پر پولیس مقابلہ‘ ڈاکو زخمی میں گرفتار

147

قصور۔ 3 جولائی (اے پی پی):قصورکے نواح تھانہ کنگن پور کے علاقہ ہیڈ ستوکی روڈ پر پولیس مقابلہ میں انتہائی خطرناک ڈاکو زخمی میں گرفتار کر لیا گیا ۔زخمی ڈاکو کی شناخت عرفان عرف پپی سکنہ کھوکھر اشرف کے نام سے ہوئی۔

پولیس ترجمان قصورنے بتایاکہ زخمی ڈاکو بدنام زمانہ شبیری گینگ کا ایکٹو ممبر نکلا جو راہزنی کے 20 سے زائد مقدمات میں قصور پولیس کو انتہائی مطلوب ہیں‘ تھانہ کنگن پور پولیس نے ناکہ بندی کے دوران تین موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا‘ ملزمان نے رکنے کی بجائے پولیس اہلکاروں پر سیدھی فائرنگ کر دی فرار ہو گئے‘ ناکہ بندی پر موجود پولیس پارٹی نے بھاگنے والے ملزمان کا تعاقب شروع کیا‘ اس دوران ڈاکوؤں کی طرف سے پولیس پارٹی پر مسلسل فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا‘ پولیس پارٹی نے بھی حق حفاظت خود اختیاری کے تحت ہوائی فائر کئے فائرنگ کا تبادلہ رکا تو ایک ڈاکو زخمی حالت میں ملا جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا۔

انہوں نے بتایاکہ زخمی ڈاکو کے قبضہ سے ایک موٹر سائیکل ہنڈا 125 اور پسٹل برآمد‘ برآمد ہونیوالی موٹر سائیکل دو ماہ قبل ملزمان نے کنگن پور کے علاقہ سے شہری سے چھینی تھی‘ زخمی ڈاکو کے دو ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھاگ جانے میں کامیاب ہو گئے۔تھانہ کنگن پور پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دے دی ہے۔