محکمہ زراعت کی کماد ا،مونگ و ماش کی آبپاشی کے لئے سفارشات جاری

135

فیصل آباد۔ 31 جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کماد اور مونگ وماش کی آبپاشی کیلئے سفارشات جاری کی ہیں ۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کی جانب سے کاشتکاروں کو آگاہ کیا گیا کہ کماد کے کھیت کواگست میں ڈیڑھ سے2 ہفتے، ستمبر تا اکتوبر تک فی ہفتہ اور نومبر سے فروری تک 6سے7 ہفتے تک پانی دینا نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کھاد ڈالنے کے بعد آبپاشی کی اشد ضرورت ہوتی ہے تاکہ اس کے بہترین فوائد اور مطلوبہ مقاصد حاصل کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ برسات کے موسم میں پانی کے تناسب کا خاص خیال رکھنا چاہئے کیونکہ ان ایام میں زیادہ پانی لگنے سے گنے کو کیڑا لگنے کا بھی خدشہ رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار مونگ ماش کی بیماریوں اور کیڑے مکوڑوں کے فوری تدارک کیلئے مناسب حکمت عملی اپنائیں تاکہ فصل کو نقصان کی معاشی حد سے بچایاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ مونگ ماش کی اچھی پیداوار کیلئے جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی بھی نہائت ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ مونگ ماش کی فصل کو3پانی درکار ہوتے ہیں لہٰذا پہلا پانی اگاؤ کے3سے4ہفتے بعد، دوسراپانی پھول نکلنے پر، تیسرا پانی پھلیاں نکلنے پر دیاجائے۔انہوں نے کہاکہ اگر اس دوران بارش ہو جائے تو فصل کی ضرورت کے مطابق اس کی آبپاشی کی جائے نیز اگر بار ش کازائد پانی کھیت میں جمع ہو جائے تو اس کے نکاس کا بھی فوری انتظام کرناچاہیے۔