عظمی بخاری کیس ،لاہور ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا کے حوالے سے رولز اینڈ ریگولیشن طلب کر لئے

137

لاہور۔2اگست (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے ٹویٹر پر نازیبا ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے خلاف پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری کی دائر درخواست پرسوشل میڈیا کے حوالے سے رولز اینڈ ریگولیشن طلب کر لئے۔ عدالت نے مزید سماعت 5 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پی ٹی اے اتھارٹی کو بھی طلب کرلیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹس پیش کی جائیں ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کی درخواست پر جمعہ کوسماعت کی ۔ دوران سماعت درخواست گزار عظمی بخاری کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کل ایک نئی ویڈیو اپ لوڈ کی گئی ہے جو ایف آئی اے کو دیدی گئی ہے جس پر عدالت نے سوشل میڈیا کے حوالے سے رولز اینڈ ریگولیشن طلب کرنے کے ساتھ پی ٹی اے اتھارٹی کو بھی طلب کرلیا ۔

عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹس پیش کی جائے۔ عدالت کے روبرو دائر درخواست میں صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے ایف آئی اے ،وزرات داخلہ سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ فلک جاوید نامی خاتون نے درخواست گزار کی ٹویٹر پر نازیبا ویڈیوز اپ لوڈ کی، پہلے بھی فلک جاوید مختلف ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں ،استدعا ہے کہ عدالت فلک جاوید کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے اور ایف آئی اے کو فوری تحقیقات کا حکم دیکر رپورٹ طلب کرے۔