اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):نیشنل ہائی وے اتھارٹی ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہونے والی قومی شاہراہوں کی بحالی کا کام تندہی سے جاری رکھے ہوئے ہے، قومی شاہراہ مانسہرہ۔ ناران این ۔15 پر واقع مہانڈری کے مقام پر سیلابی ریلے سے متاثرہ پل کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پرکیا جا رہا ہے جبکہ مہانڈری بازار میں پیدل چلنے والوں کیلئے راستہ بحال کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے اتور کو جاری بیان کے مطابق چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی شہریار سلطان کی خصوصی ہدایات پر این ایچ اے کا عملہ ضروری مشینری کے ساتھ ہائی الرٹ ہے، قومی شاہراہ مانسہرہ۔ ناران این ۔15 پر واقع مہانڈری کے مقام پر سیلابی ریلے سے متاثرہ پل کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے اور مہانڈری بازار میں پیدل چلنے والوں کیلئے راستہ بحال کر دیا گیا ہے ۔
این ایچ اے کے متعلقہ حکام نے کم وقت میں بڑے کنکریٹ پائیپوں کی تنصیب کو یقینی بنا کر پانی کے اوپر پیدل راستہ بنایا ہے، اسی طرح گاڑیوں کی آمدورفت بذریعہ کومپیکٹ 200 پل کیلئے بھی اقدامات تیز کر دیئے ہیں۔
چیئرمین این ایچ اے شہریار سلطان نے خود گزشتہ دنوں متاثرہ سائیٹ کے معائنہ کے دوران پل کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی تھی۔ دوسری طرف قومی شاہراہ ژوب پر واقعہ دہانہ سرکے مقام پر طوفانی بارشوں اورلینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک کے کنارے شدید متاثر ہوئے ہیں ۔
تاہم نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا متعلقہ عملہ اور ضروری مشینری موقع پر موجود ہونے کے باعث متاثرہ شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بحال کر دی گئی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ تعمیر و مرمت اور ہر قسم کی صورتحال سے بروقت نمٹنے کیلئے این ایچ اے کا عملہ ملک کے تمام قومی شاہراہوں پر سرگرم عمل ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=490594