فیصل آباد بورڈ ، کلاس نہم کے پہلے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان ،کامیابی کا تناسب 48.05 فیصد رہا

1788

فیصل آباد ۔ 09 اگست (اے پی پی):اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈفیصل آبادنے کلاس نہم (میٹرک پارٹ ون) کے پہلے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیاہے۔

کمشنر فیصل آباد وچیئرپرسن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد سلوت سعید نےجمعہ کی صبح 10 بجے منعقدہ تقریب میں کمپیوٹر کا بٹن دباکر رزلٹ بورڈ کی ویب سائٹ پر آن لائن اپ لوڈ کیا۔

فیصل آباد بورڈ کے کلاس نہم کے پہلے سالانہ امتحانات میں کل194249طلبہ نے شرکت کی جن میں سے 93340 طلبہ کامیاب ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 48.05 فیصد رہا۔

کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی نے بتایا کہ امتحانات کے سلسلہ میں فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں کل 583 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ نتائج انتہائی احتیاط و شفاف طریقے سے تیار کئے گئے ہیں تاہم اگر کسی طالب علم کو کوئی ابہام ہو تو وہ نتائج کے اعلان کے 15 روز کے اندر یعنی 24 اگست تک حسب ضابطہ درخواست دے کر اپنا پیپرری چیک کرسکتا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری فیصل آباد بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن، کنٹرولرامتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔