راولپنڈی پولیس کی سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری،رواں ماہ کے دوران مجموعی طور پر162ملزمان گرفتار

202
Arrested
Arrested

راولپنڈی ۔10اگست (اے پی پی):سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس کی منظم و متحرک گینگز، منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، رواں ماہ کے دوران اب تک 13 منظم و متحرک گینگز کے 32 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان سے چوری شدہ ایک کار، 48 موٹر سائیکل، 13 لاکھ روپے سے زائد مسروقہ رقم اور 18 موبائل فونز برآمد ہوئے، ملزمان سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، سریا، اسلحہ سمیت دیگر اشیاء برآمد ہوئیں، رواں ماہ کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 60 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان سے ڈیڑھ من سے زائد چرس اور 4 کلو سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی، ملزمان سے 300 لیٹر سے زائد شراب بھی برآمد ہوئی، رواں ماہ کے دوران ناجائز اسلحہ رکھنے والے 80 ملزمان کو گرفتار کیا گیا،

ملزمان سے 40 پسٹل، 6 کلوشنکوف، 16 رائفلیں اور بھاری مقدار میں گولیاں برآمد کی گئیں، سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ راولپنڈی پولیس، منظم گینگز، منشیات اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے، شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اولین فرض ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔