راولپنڈی۔11اگست (اے پی پی):لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک (عمر: 24 سال، ساکن ڈسٹرکٹ اٹک) اتوار کے روز کمبائنڈ ملٹری ہسپتال پشاور میں جام شہادت نوش کر گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک9 اگست کو خیبر ضلع کی وادی تیراہ میں تین مختلف مقامات پر سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران زخمی ہو گئے تھے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق باغ کے مقام پر لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور چار خوارج کو جہنم واصل کیا تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران وہ شدید زخمی ہو گئےاور سی ایم ایچ پشاور میں زیر علاج تھے۔جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے انہوں نےشہادت کو گلے لگا لیا۔آئی ایس پی آر نے کہا ہےکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر افسران اور جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔