آج کا دن پاکستان کے نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں، عزم اور حوصلے کو تسلیم کرنے کا دن ہے، نوابزادہ جمال رئیسانی

133
Jamal Khan Raisani

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):پیپلز پارٹی کے نوجوان رہنما، ایم این اے نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان کے نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں، عزم اور حوصلے کو تسلیم کرنے کا دن ہے، ہمارے نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں،ان کی ترقی و کامیابی پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے نوجوانوں کے حقوق اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے کوشاں رہی ہے، ہم بلوچستان میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔

نوجوانوں کو بہتر تعلیم، روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوانوں کو جدید تعلیم و تربیت اور ہنر مند بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے، بلوچستان یوتھ پالیسی نوجوانوں کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، یوتھ پالیسی نوجوانوں کودرپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری رہنمائی، وسائل اور مواقع فراہم کرے گی، بلوچستان یوتھ پالیسی کا مقصد نوجوانوں کو سماجی، معاشی اور سیاسی شعبوں میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے، یہ پالیسی اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت بلوچستان اور پاکستان پیپلز پارٹی نوجوانوں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے۔

جمال خان رئیسانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نوجوانوں کے مسائل کے حل اور ان کی ترقی کے لیے عملی اقدامات اٹھانے پر یقین رکھتی ہے، ہم نے اپنے منشور میں بھی نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور کاروبار کے لیے سہولیات فراہم کرنے کے وعدے کیے ہیں، اور ہم ان وعدوں کو پورا کرنے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان امید کا دامن نہ چھوڑیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، نوجوان ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، اور آپ کی کامیابی ہی ہماری قوم کی کامیابی ہے۔