27.9 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںارشد ندیم کی کامیابی یوم آزادی پر قوم کیلئے تحفہ ہے، وزیراعظم...

ارشد ندیم کی کامیابی یوم آزادی پر قوم کیلئے تحفہ ہے، وزیراعظم کا عشائیہ سے خطاب، ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کمیٹی قائم کرنے کا اعلان

- Advertisement -

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ارشد ندیم کی کامیابی کو یوم آزادی پر قوم کیلئے تحفہ قرار دیتے ہوئے ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے صوبائی حکومتوں سے ملکر کام کرے گی، شبانہ روز محنت اور اتحاد و اتفاق سے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹیں گے اور ملکر ملک کو عظیم طاقت بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے طلائی تمغہ جیتنے والے جیولین تھرو رایتھلیٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں وزیراعظم ہائوس میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیرِ اعظم ہائوس پہنچنے پر وزیرِ اعظم نے ارشد ندیم، انکی والدہ اور انکے اہلِ خانہ کا استقبال کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ارشد ندیم نے پاکستان کو یوم آزادی سے پہلے ایک شاندار تحفہ دیا جس نے جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ارشد ندیم 25 کروڑ پاکستانی عوام کے ہیرو اور دلوں کی دھڑکن ہیں، ارشد ندیم نے 40 سال بعد پاکستان کیلئے اللہ تعالی کی رحمت، شبانہ روز محنت اور والدین اور قوم کی دعائوں سے گولڈ میڈل جیتا، اس پر پوری پاکستانی قوم آپ کی شکر گزار ہے۔

- Advertisement -

یوم آزادی کے موقع پر انہوں نے ہماری خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے جیولین تھرو میں ریکارڈ قائم کیا ہے، قوم کا مورال بلند ہے، اس سے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو گئی ہے کہ مشکلات سے گھبرانا نہیں چاہئے بلکہ ان کا ہمت اور استقامت کے ساتھ مقابلہ کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی ہم سب کیلئے روشن مثال ہے، ہم یوم آزادی منا رہے ہیں، اس مثال سے ہمیں حوصلہ ملا ہے اس راستے پر چل کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹیں گے، شبانہ روز محنت اتحاد و اتفاق سے ان چیلنجز سے نمٹیں گے اور ملکر ملک کو عظیم طاقت بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کی والدہ کی دعائوں سے ارشد ندیم کو کامیابی اور پوری قوم کو عزت ملی جس پر ان کی والدہ کے شکر گزار ہیں، آپ عظیم ماں کے عظیم بیٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کا یہ پودا سایہ دار درخت بنے گا، مستقبل میں آپ کامیابی کے مزید ریکارڈ بنائیں گے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کھیلوں کے فروغ کیلئے ملکر کام کریں، ہاکی، کرکٹ، سکوائش کو دوبارہ بحال کریں گے۔ سینئر کھلاڑی کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنی تجاویز دیں تاکہ پاکستان کی عظمت رفتہ کو واپس لایا جا سکے۔

وفاقی حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے صوبائی حکومتوں سے ملکر کام کرے گی، وزیراعظم نے ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا تاکہ پاکستان کو کھویا ہوا مقام واپس دلایا جا سکے۔ وزیراعلی پنجاب نے ارشد ندیم کیلئے 10 کروڑ روپے جبکہ وزیراعلی سندھ نے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔ ارشد ندیم کی بھرپور پذیرائی پر سندھ اور پنجاب حکومت کا شکر گزار ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ رانا مشہود کا شکر گزار ہوں انہوں نے پنجاب میں نوجوانوں کیلئے بہت کام کیا۔ نوجوان قوم کا سرمایہ ہیں، ملکی ترقی میں ان نوجوانوں کا بڑا کردار ہے۔ وزیرِ اعظم نے ارشد ندیم کی پیرس اولمپکس میں شاندار کار کردگی، طلائی تمغہ جیتنے اور اولمپک ریکارڈ بنانے پر انکے لئے 15 کروڑ روپے کے انعام کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ 15 کروڑ روپے اس انعام پر ٹیکس کٹوتی نہیں ہوگی۔ وزیرِ اعظم نے اسلام آباد میں ایف 9 اور ایف 10 سیکٹر کے درمیان سڑک کو ارشد ندیم کے نام سے منسوب کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعظم نے جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں نوجوانوں کو کھیلوں کی تربیت کیلئے ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی کے قیام کا بھی اعلان کیا جہاں 2028 اولمپکس کیلئے ایتھلیٹس و کھلاڑیوں کو تربیت دے کر بھرپور مقابلے کیلئے تیار کیا جائے گا۔وزیرِ اعظم نے کھلاڑیوں کی بہبود، ریٹائرڈ کھلاڑیوں کی ضروریات پوری کرنے اور انہیں تربیت کے بہترین مواقع فراہم کرنے کیلئے 1 ارب روپے کے اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ کا بھی اعلان کیا،وزیرِ اعظم نے ارشد ندیم کی اعلی کارکردگی اور پاکستان کیلئے اولمپکس میں 40 برس بعد طلائی تمغہ جیتنے پر ہلال امتیاز سے نوازنے کا بھی اعلان کیا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی میں ان کے کوچ سلمان اقبال بٹ کا اہم کردار ہے ان کیلئے بھی ایک کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کرتا ہوں۔ پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ارشد ندیم نے کہا کہ اس کامیابی پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف، پوری پاکستانی قوم، اپنے والدین اور میڈیا کا شکر گزار ہوں جن کی دعائوں کی بدولت پیرس اولمپکس میں ریکارڈ قائم کر کے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے عزت افزائی سے حوصلہ بڑھا جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اولمپکس میں کامیابی کیلئے بہت محنت کی۔ اولمپکس میں شرکت سے قبل انجری کا شکار ہوا۔ ٹریننگ، اعتماد اور محنت کا پھل کامیابی کی صورت میں ملا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی ملک کا نام روشن کرنے کیلئے بھرپور محنت کروں گا، اللہ تعالی کا کرم ہوا کہ نیزہ 92.97 میٹر پر گرا اور ہمیں گولڈ میڈل ملا، 14 اگست اس کامیابی کے ساتھ منائیں گے۔ وطن واپسی پر بہت زیادہ پیار اور محبت ملا، فٹنس اور تندرستی پر توجہ دے کر مزید ورلڈ ریکارڈ قائم کروں گا، میں نے کرکٹ بھی کھیلی، اس کے بعد اتھلیٹکس میں آیا اور جولین تھرو پر توجہ مرکوز کی۔ پنجاب یوتھ فیسٹیول کا لگایا ہوا پودا ہوں اور دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کروں گا، واپڈا کا بھی شکر گزار ہوں انہوں نے ملازمت دے کر حوصلہ افزائی کی۔ 2015 سے اب تک کئی بار ملکی ریکارڈ بھی توڑا اب تک 5 گولڈ میڈل، ایک چاندی، 4 کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔ ارشد ندیم کی والدہ رضیہ پروین نے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی کیلئے بہت دعائیں کیں،

اس نے بہت محنت کی جس کا اللہ تعالی نے پھل دیا، اللہ تعالی اور پورے پاکستان کی شکر گزارہوں کہ انہوں نے میرے بیٹے کو عزت و تکریم دی اور اس کی کامیابی کیلئے دعائیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے بیٹے کی کامیابی اور پاکستان کا جھنڈا بلند کرنے پر بڑی خوشی ہے، میرا بیٹا میرا اور پوری قوم کا ہیرو ہے، اس کیلئے دعاگو تھی کہ وہ گولڈ میڈل جیت کرپاکستان کا نام روشن کرے۔ ارشد ندیم کے بھائی شاہد ندیم نے کہا کہ ہم سب کی دعائیوں اور اپنی محنت سے ارشد ندیم نے بہترین کامیابی حاصل کی، اپنے بھائی کی کامیابی پر خوشی سے پھولے نہیں سما رہا تھا، میرے بھائی نے پہلی تھرو پھینک کر فائنل میں کوالیفائی کیا تھا،

فائنل میں 92.97 میٹر تھرو پھینکنے پر بہت خوشی ہوئی اور ہم نے نعرے بازی شروع کر دی، ہماری والدہ اور پوری قوم کی دعائیں اس کے ساتھ تھیں۔ ارشد ندیم کی اہلیہ عائشہ ندیم نے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی کیلئے بہت زیادہ پرامید تھی، ان کی کامیابی کیلئے دعاگو تھی تاکہ وہ ملک کا نام روشن کر سکیں، ان کی کسی بھی ناکامی کی صورت میں انہیں کہتی تھی کہ مایوس نہ ہوں، اللہ تعالی کامیابی عطا فرمائے گا۔

ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ نے کہا کہ پوری قوم نے ہمارے لئے بھرپور دعائیں کیں، اس کے نتیجہ میں ہم گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، وطن واپسی پر بھرپور استقبال پر قوم کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو انجری معمول کی بات ہے، ارشد ندیم کچھ ماہ قبل انجری کا شکار ہوئے لیکن پھر ٹھیک ہو گئے، انہوں نے بھرپور محنت سے ٹریننگ کی اور پیرس اولمپکس میں حصہ لیا، کوالیفائنگ رائونڈ میں ارشد ندیم کا چوتھا نمبر تھا، اس نے فائنل میں کامیابی کیلئے بھرپور محنت کی، ان کی کامیابی پر اللہ تعالی کا شکرگزار ہوں۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں