کوئٹہ۔ 15 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفرازاحمد بگٹی نے کہاہے کہ ہمارے پاس انٹیلی جنس معلومات وشواہد موجود ہیں کہ ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کو کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے)نے شہید کیاہے، وہ لوگ جو بھارتی ایجنسی را سے فنڈز لیکر معصوم لوگوں کو قتل کررہے ہیں ، سے ہمیں کوئی ہمدردی نہیں ،شہید ذاکر بلوچ کی فیملی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،
ذاکربلوچ کی بیوہ کو ان کی تعلیم کے مطابق ملازمت اوربچوں کی تعلیم کے اخراجات حکومت بلوچستان ادا کرے گی ،مزدور کا بچہ اب مزدور نہیں بنے گا ہم مزدوروں کے 500 بچوں کو تعلیم کے لیے اسلام آباد بھیج رہے ہیں، مزدورکا بچہ تعلیم حاصل کریگا اور ملک کی خدمت کرےگا، بلوچستان کے لاکھوں نوجوانوں کو بزنس پلان دیں گے، ہمارے صبر کو کمزوری بالکل نہ سمجھا جائے، ہم حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر پنجگور کو انتہائی بے دردی کے ساتھ شہید کرنے وڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین مالک بلوچ کو زخمی کرنے کے واقعہ کی نہ صرف شدیدالفاظ میں مذمت کرتاہوں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس انٹیلی جنس رپورٹ اور شواہد ہے کہ اس واقعہ میں کالعدم تنظیم بی ایل اے کا ہاتھ ہے،بلوچ یکجہتی کمیٹی میں شامل خواتین کے فورسز کے ساتھ رویئے کے باوجود ہم نے بلوچ روایات کی پاسداری کی ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر میں عظیم الشان طریقے سے یوم آزادی منایا گیا جس پر سیکورٹی فورسز کو مبارکبادپیش کرتا ہوں ،زندہ قومیں اسی طریقے سے اپنی آزادی شایان شان طریقے سے مناتی ہے ،
انہوں نے کہاکہ یوم آزادی پر بلوچستان میں 21سینٹرز کاافتتاح کیا گیا ۔جس پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سپیکرقومی اسمبلی سردارایاز صادق سمیت دیگر صوبوں کے ارکان اسمبلی کا شکریہ ادا کرتاہوں۔ ان منصوبوں میں ویسٹ مینجمنٹ منصوبے کاافتتاح خاص طورسے قابل ذکر ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ مزدور کا بچہ مزدور نہیں بنے گا ،وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر بلوچستان کے 500بچوں کو اسلام آباد بھیجیں گے جہاں پر وہ 16سالہ تعلیم حاصل کریں گے۔ اب مزدور کا بچہ تعلیم حاصل کرکے پاکستان وبلوچستان کی خدمت کرے گا ،انہوں نے کہاکہ ہوشاب میں گورنمنٹ کالج کو شہید ذاکر علی بلوچ کے نام سے منسوب کیا جائے گا، ذاکر علی بلوچ کے بچے ہمارے بچے ہیں ان کے بچوں کی تعلیم کا خرچ حکومت بلوچستان برداشت کرے گی ۔
ذاکر علی بلوچ کی اہلیہ کو ان کی تعلیم کے مطابق سرکاری نوکری دیں گے ،حکومت بلوچستان اپنے شہدا کی قدر کرتی ہے ۔شہدا کے وارثین کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے ۔ایک منظم نظام کے تحت شہدا کے اہل خانہ کاخیال رکھاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت بلوچستان ریفارمز ایجنڈا پر کام کررہی ہے جس میں بہت جلد پیش رفت ہوگی۔ وزیر اعلی ٰ نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر اخوت پروگرام لائے ہیں جس کے تحت نوجوانون کو بزنس ماڈلز دیں گے ،یہ نوجوان ملک بھر میں کہیں بھی کسی بھی شعبے میں اپنا بزنس کرسکیں گے ،بلوچستان کے 30ہزار نوجوانوں کو ہنر فراہم کرکے انہیں بیرون ملک بھیجیں تاکہ وہ اپنے گھر، صوبے اور ملک کیلئے کام کریں اس سے
صوبے میں بے روزگاری کی شرح کم ہو گی۔ ضلعی سطح پر ٹاپ کرنے والے طلبہ کو بھی مواقع فراہم کرینگے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا بہت جلد لوگوں کو تبدیلی کے اثرات نظر آئیں گے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سازشوں کا حصہ نہ بنیں ۔میرسرفرازبگٹی نے کہاکہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے حکومت بلوچستان کے ساتھ 3معاہدے ہوئے لیکن تینوں معاہدے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے توڑے گئے لیکن ہم نے اب بھی صبر کا دامن نہیں چھوڑا ۔ہم ریاستی رٹ پر کمپرومائز نہیں کریں گے ۔ عوام کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے ۔ہمارے صبر کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ۔دہشتگردی کرنے والوں کیلئے ہمارے دل میں کوئی ہمدردی نہیں ہے ۔مزدوروں ،عام لوگوں کو قتل کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا،
صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے میرسرفراز بگٹی نے کہاکہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ساتھ رجسٹرڈ مزدوروں کے بچوں کو تعلیم دلائیں گے۔ سفار ش کے کلچر کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔شعبان میں کچھ لاشوں کی افواہ تھی تاہم اس حوالے سے خبروں کی تصدیق نہ ہوسکی ۔حکومت کی خواہش ہے کہ بارڈرز کو منیج کیاجائے یہ ہماراآئینی حق ہے تاہم مسائل پر بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔چمن کے لوگ ہمارے ہیں ہم ان کے ساتھ بات کرینگے ،چمن کے لوگوں کے پاسپورٹس کیلئے 9کروڑ روپے جاری ہوچکے ہیں ہم عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔
انہوں نے کہاکہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے فنڈنگ کو روکنے کیلئے وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ سرداربہادر خان ویمن یونیورسٹی میں میرٹ پر آنے والوں کو ہی بھرتی کریں گے ۔یہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ میرا وعدہ ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت میں جو صرف کنٹریکٹ پر بھرتیاں ہو ں گی۔ کسی معاشرے کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ اس کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو آگے آنے کی ضرورت ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=494084