اسلام آباد ہائیکورٹ نےترنول کے مقام پر پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے کی یقین دہانی کے بعد درخواست نمٹا دی

اسلام آباد ہائیکورٹ نےترنول کے مقام پر پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے کی یقین دہانی کے بعد درخواست نمٹا دی

144

اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتظامیہ کی جانب سے ترنول کے مقام پر پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے کی یقین دہانی کے بعد درخواست نمٹا دی۔ عدالت نے ایف نائن پارک میں جلسہ کی اجازت دینے کی پی ٹی آئی کی استدعا مسترد کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایف 9 پارک کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، ایک تو پارک رہ گیا ہے ، پارکس کا کیا قصور؟ ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد نے انتظامیہ کی جانب سے 22 اگست کو ترنول کے مقام پر جلسے کی اجازت دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی اسلام میں جلسے کا مقام تبدیل کرنے کی درخواست پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی ۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ ابھی انہوں نے آپ کو کہاں جلسے کی اجازت دی ہے؟ وکیل نے بتایا کہ انہوں نے جہاں اجازت دی ہے وہاں پانچ ہزار لوگ بھی نہیں آ سکتے ، وکیل نے استدعا کی کہ سر ہمیں ایف 9 پارک ، پریڈ گرائونڈ یا پشاور موڑ پر جلسہ کے لئے جگہ دے دیں۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ ایف 9 پارک کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، ایک تو پارک رہ گیا ہے ، پارکس کا کیا قصور ؟ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد نے انتظامیہ کی جانب سے 22 اگست کو ترنول کے مقام پر جلسے کی اجازت دینے کی یقین دہانی کروائی ہے، عدالت جلسے کے مقام سے متعلق آرڈر پاس نہیں کر سکتی ، یہ انتظامیہ کا کام ہے، آپ اپنی تقریر تیار کریں۔ عدالت نے انتظامیہ کی جانب سے ترنول کے مقام پر جلسے کی اجازت دینے کی یقین دہانی کے بعد پی ٹی آئی کی درخواست نمٹا دی۔