پاک فوج کےشہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، حکومت کی و کٹیں گرنے کی باتیں کر نے والوں کی اپنی وکٹیں گر رہی ہیں، خیبرپختونخوامیں احتساب کا کوئی ادارہ نہیں ،دانیال چوہدری کی پریس کانفرنس

125

اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):مسلم لیگ (ن ) کے رکن قومی اسمبلی دانیال چوہدری نے کہا ہےپاک فوج کےشہدا کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے،قوم دیکھے گی کہ مجرموں کاکیسے احتساب ہوگا، پاکستان کو کمزورکرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں ،حکومت کی و کٹیں گرنے کی باتیں کر نے والوں کی اپنی وکٹیں گر رہی ہیں، خیبرپختونخوامیں احتساب کا کوئی ادارہ نہیں ہے، خیبر پختونخوا میں کرپشن کا جو بازار گرم ہے اس کی مثال نہیں ملتی،ماضی میں پی ٹی آئی کا سب سے بڑا بیانیہ یہ تھاکہ ہم اس ملک میں کرپشن ختم کرنے آئے ہیں،آج ان کے اپنے وزیر شکیل خان نے استعفیٰ دے دیا۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گیارہ سال سے نیب کا ادارہ بند ہے،پوری دنیا کو بتایا گیا کہ پاکستان کرپٹ ملک ہے،پاکستان کرپشن انڈیکس میں ان کے ادوار میں چار پوائنٹ اوپر گیا،پنجاب میں عثمان بزدار ہوں یا خیبر پختونخوا میں ان کی حکومت، یہ سب کرپشن میں ملوث رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی والے حکومت کی وکٹوں کےگرنے کی باتیں کرتے تھے اب ان کی اپنی وکٹیں گر رہی ہیں،انہوں نے کرپشن کا بازار گرم کرنے اور سوشل میڈیا پر ڈرامہ کرنے کے علاوہ آج تک کچھ نہیں کیا۔کسی بھی ادارے میں سب سے مشکل کام احتساب ہے ،اپنے ساتھیوں کا احتساب کرنا مشکل ہوتا ہے ۔ دانیال چوہدری نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کر دیا ہے کہ احتساب ان کے اپنے ادارے سے شروع ہوگا ،چاہے کوئی سینئر پوسٹ پر ہو یا جونیئر ۔جب کوئی پاکستان کی سالمیت پر حملہ کرنے کی کوشش کرے گا تو اس پر کڑا ہاتھ ڈالا جائے گا ۔

یہ احتساب شہدا کی فیملی کیلئے ہے ۔ نو مئی کو شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں کااحتساب ہوناچاہئے کیونکہ پاک فوج کےشہدا نے اپناآج ہمارے کل کے لئےقربان کیا۔جوبھی ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے کی کوشش کرے گااس کا احتساب ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9مئی کاسانحہ ناقابل فراموش ہے،اس کے مجرموں کوسزاضرورملنی چاہئے۔پی ٹی آئی نے ملک کو دیوالیہ کرنے کےلئے تمام حربے استعمال کئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کمزورکرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائےگی۔