وزیراعلیٰ سندھ کا دادو کینال میں شگاف کا نوٹس، محکمہ آبپاشی کو فوری پر کرنے کی ہدایت

110

کراچی۔ 19 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دادو شہر کے قریب دادو کینال میں شگاف کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ آبپاشی کو شگاف فوری پر کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کو سیکرٹری آبپاشی ظریف کھیڑو نے پیش کردہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ گزشتہ رات مسلسل بارش کے باعث دادو کینال کے مشرقی بند میں شگاف پڑا ، محکمہ آبپاشی نے دریائے سندھ کی صورتحال کے باعث نئودیرو کے قریب دادو کینال اور ایم این وی نہر کو بند کردیا۔سیکرٹری آبپاشی نے مزید بتایا کہ دو مقامات پر شگاف پر کرلیے گئے تھے لیکن بارش کے باعث آر ڈی604 پر تیسرا شگاف پڑگیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ آبپاشی کو شگاف فوری پر کرنے کی ہدایت کردی۔انہوں نے مزید ہدایت دی کہ بندوں پر پٹرولنگ بڑھا کر بھرپور مانیٹرنگ کی جائے اور عوام کے جان و مال اور فصلوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔