اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ حکومت معاشی اہداف کے حصول کیلئے وسیع تر مشاورت اور مربوط پالیسی پر انحصار کرے،ملکی معیشت کی مکمل بحالی کیلئے طویل المدتی پالیسیوں کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو حکومتی معاشی پلان کے حوالے سے اپنے ایک اہم بیان میں کیا۔انہوں نے معاشی بحالی کیلئے چارٹر آف اکانومی، قومی پالیسیوں کی تشکیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت بطور ریگولیٹر اپنا کردا ادا کرے، 60 ارب ڈالر برآمدات کے ہدف کا حصول ممکن ہے ، اس کیلئے مقامی انڈسٹری کو سہولیات فراہم کرنا ہوں گی ،بیرونی سرمایہ کاری، اوورسیز پاکستانیز اور زراعت یہ تینوں شعبے معاشی بحالی میں اہم ترین کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو شامل کیے بغیر کوئی پالیسی یا پلان کامیاب نہیں ہو سکتا۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ حکومت معاشی پلان میں شرح سود کو کم از کم سنگل ڈیجٹ میں لانے کیلئے اقدامات کرے،حکومت مالیاتی خسارے کو آئندہ پانچ سال میں 3 فیصد سے کم سطح تک لانے کیلئے پلان مرتب کرے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافے سمیت دیگر معاملات پر تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر آگے بڑھا جائے۔