پاکستان اور چین نے سی پیک فیز 2 کے تحت پانچ اقتصادی راہداریوں پر جلد از جلد کام شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے،وفاقی وزیر احسن اقبال

124
Pakistan and China CPEC Phase 2
Pakistan and China CPEC Phase 2

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نےکانسپٹ پیپرز کی تیاری کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور چین نے سی پیک فیز 2 کے تحت ان پانچ اقتصادی راہداریوں پر جلد از جلد کام شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنی زیر صدارت ہونے والے سی پیک کے منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلا س میں سیکرٹری پلاننگ اویس منظور سمرا، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز، اداروں کے سربراہان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ انہوں نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور وزارتوں کے اعلیٰ حکام کو ان کوریڈورز پر مشترکہ پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام ورکنگ گروپس کو اگست 2023 میں چین کے صدر کی جن پنگ کے تجویز کردہ 5 کاریڈورز پر کنسپٹ پیپرز تیار کرنے کی ہدایات دی گئی تھیں، حکومت پاکستان اور چین نے سی پیک فیز 2 کے تحت ان پانچ اقتصادی راہداریوں پر جلد از جلد کام شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کانسپٹ پیپرز کی تیاری کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے، سی پیک فیز 2 کے تمام منصوبے ان پانچ نئے کوریڈورز کے مطابق تیار کئے جائیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ پانچ نئے کاریڈورز میں گروتھ، اکنامک ڈویلپمنٹ پروجیکٹس، انوویشن، گرین، اور ریجنل کنیکٹیویٹی شامل ہیں، یہ پانچوں کوریڈورز پاکستان کے اقتصادی ترقی کے فریم ورک "فائیو ای ایز”سے مطابقت رکھتے ہیں، کوریڈور برائے لائیولی ہوڈ کے تحت عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنا اور ملازمت کے مواقع پیدا کرنا شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انوویشن کاریڈور کے تحت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نئے منصوبوں کا انعقاد اور نوجوانوں کو آئی ٹی میں مہارت دینا شامل ہے، اوپن ریجنل کوآپریشن کے تحت سی پیک کو سنٹرل ایشیا سے روابط کے فروغ اور دوستانہ تعلقات قائم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا، اگست کے آخر تک ان پانچ کوریڈورز پر جامع دستاویز تیار کی جائے گی۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پانچوں کوریڈورز کے حوالے سے پاکستان کے ہوم ورک سے متعلق تیار کردہ دستاویز چین کے وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کے دوران پیش کی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام وزارتیں سی پیک پورٹ فولیو کے تحت پانچ سالہ منصوبے تیار کریں اور انہیں جے سی سی کے سامنے پیش کریں، ستمبر میں زیادہ سے زیادہ جوائنٹ ورکنگ گروپس کے اجلاس منعقد کیے جائیں تاکہ آئندہ پانچ سالوں کے سی پیک کا لائحہ عمل تیار کیا جا سکے، ہمارا مقصد صنعتی و تجارتی ترقی اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہونا چاہیے، طویل المدتی منصوبوں کو ہر شعبے کے لحاظ سے بریک اپ کر کے ورکنگ گروپس میں شامل کیا جائے۔

احسن اقبال نے کہا کہ تمام وزارتیں اگلے پندرہ دنوں میں سی پیک کے باقاعدہ پلان تیار کر کے پیش کریں، مشترکہ ورکنگ گروپ کے ایجنڈے اور مجوزہ منصوبوں کے انتخاب کے لیے ہفتہ وار میٹنگز منعقد کی جائیں، اگلے پانچ سال کا مجوزہ ایجنڈا اور پلان تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نہ صرف اپنا پانچ سالہ منصوبہ تیار کرنا چاہیے بلکہ چین کے سی پیک فیز 2 کے منصوبے کی بھی مکمل تفصیلات معلوم ہونی چاہیے، نئے آئیڈیاز پر مبنی منصوبے تیار کریں، اگلے مشترکہ ورکنگ گروپ اور جے سی سی کے اجلاس کے لیے مجوزہ منصوبوں پر کام جلد مکمل کیا جائے۔