
لاہور۔25اگست (اے پی پی):ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں29اگست تک مون سون بارشوں سے اربن فلڈنگ کے خدشہ کے باعث ہائی الرٹ رہے۔
اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اتوار کے روز سے شروع ہونے والے بارشوں کے اس طاقتور سلسلہ کے باعث لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی اورگوجرانولہ میں اربن فلڈنگ جبکہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور ڈویژنز میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شدید بارشوں کے باعث رودکوہیوں میں سیلابی ریلوں کا بھی خدشہ ہے جبکہ موسمی صورتحال کے حوالے سے صوبہ بھر کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے احکامات کے پیشِ نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ چہلم کے موقع پر ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر انتظامیہ خصوصی اقدامات کرے،پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24گھنٹے صورتحال کی مانیٹرنگ ہو رہی ہے،عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر کال کریں ۔