نیلم۔ 28 اگست (اے پی پی):وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے نیلم کے مختلف عوامی وفود نے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر وزیرقانون میاں عبدالوحید بھی موجود تھے۔ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ نیلم کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ ٹورازم اور ہائیڈل پاور کا بہت پوٹینشل موجود ہے۔
حکومت ٹورازم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ یہاں کے عوام کو روزگار کے مواقع میسر آ سکیں اور زیادہ سے زیادہ سیاح نیلم آئیں۔انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات، تعلیم،روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھا رہے ہیں تاکہ یہاں ترقی ہو۔
نیلم سیاحتی مقام ہے اس کی ترقی اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے ٹیکسز کا پیسہ صرف اور صرف عوام پر خرچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیلم کے جنگلات خوبصورتی کا باعث ہیں، جنگلات ہمارے آنے والی نسلوں کی زندگی ہیں،جنگلات کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے،اللہ کی مخلوق کی بھلائی کے لئے کام کرتا رہوں گا،جب تک اختیار ہے مخلوق خدا کی خدمت کرتا رہوں گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سوشل پروٹیکشن انڈوومنٹ فنڈ کے تحت معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی کفالت کریں گے، عوام سے احساس محرومی کا خاتمہ کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہنرمند نوجوانوں کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے اس کے لئے 5 ارب روپے مختص کر دیئے ہیں تاکہ وہ اپنا کوئی کاروبار شروع کر سکیں۔