اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس ایجوکیشن ونگ نے روڈ سیفٹی پر چار روزہ ورکشاپس کا انعقاد کیا۔ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ انسپکٹر جنرل پولیس سید ناصر علی رضوی کی خصوصی ہدایت پر آئی سی ٹی پولیس ایجوکیشن ونگ نے سرکاری اداروں کے ڈرائیوروں کے لیے روڈ سیفٹی کے موضوع پر چار روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان ورکشاپس کا مقصد مختلف سرکاری اداروں کے ڈرائیوروں کی ڈرائیونگ کی مہارت اور حفاظت سے متعلق آگاہی کو بڑھانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ورکشاپ میں ایس ایس پی ٹریفک اسلام آباد محمد سرفراز ورک، ایجوکیشن ونگ کے ممبر، 250 ڈرائیورز اور سرکاری ادارے کے دیگر عملہ نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ ورکشاپ کے شرکاء کو روڈ سیفٹی، محتاط ڈرائیونگ اور دیگر ٹریفک قوانین کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔انہوں نے کہا کہ آئی سی ٹی پولیس کے ایجوکیشن ونگ نے ڈرائیوروں اور عملے کو روڈ سیفٹی، ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال کے خطرات، سیٹ بیلٹ کا استعمال، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے کے خطرات، سڑک استعمال کرنے والے دیگر افراد کے حقوق پر غور کرنے اور ہیڈلائٹس کے استعمال سے متعلق آگاہی ،زیبرا کراسنگ، تیز رفتاری کے خطرات اور ٹریفک کے دیگر قوانین کے بارے میں بھی بتایا ۔
انہوں نے کہا کہ تنظیم کے اراکین نے اس اقدام کے انعقاد کے لیے اسلام آباد پولیس کی کوششوں کی تعریف کی جس میں شرکاء کو روڈ سیفٹی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں آگاہی دینے میں اس طرح کی ورکشاپس کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورکشاپ کے دوران ایجوکیشن ونگ کے افسران نے شرکاء کو ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے اور احتیاط سے گاڑی چلانے کا مشورہ دیا تاکہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک نے کہا کہ ڈرائیوروں کو روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے اور آئی سی ٹی پولیس پیشہ وارانہ انداز میں یہ فرض نبھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔