فیصل آباد ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادعدیل احمد نے کہا کہ حکومتی ہدایات کی رشنی میں آئندہ ایام میں موسم سرما کے دوران ممکنہ سموگ پر کنٹرول کیلئے پیشگی تدارکی اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں اور کاشتکاروں پر واضح کیا جارہا ہے کہ دھان کی باقیات کو آگ لگانا غیر قانونی عمل ہے لہٰذا دھان کی کٹائی کے بعد اس کی باقیات کو آگ لگانے والے کاشتکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکار دھان کی کٹائی کے بعد اس کی باقیات(مڈھوں اور پرالی)کو آگ ہرگز نہ لگائیں کیونکہ باقیات کو آگ لگانے سے فضائی آلودگی میں اضافہ کے علاوہ زمین میں موجود نامیاتی مادہ کو قابل تلافی نقصان پہنچتا ہے نیزدھان کے مڈھوں کو آگ لگانے سے دھواں سموگ کا باعث بنتا ہے جو ٹریفک حادثات اور انسانی صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے کٹائی کی صورت میں دھان کے مڈھوں کی تلفی کیلئے روٹا ویٹر اور میشن سے کٹائی کی صورت میں ڈسک ہیرو کی مدد سے انہیں زمین میں ملادیں یا گہرا ہل چلا کر آدھی بوری یوریا فی ایکڑ چھٹہ کرکے پانی لگادیں۔انہوں نے بتایا کہ دھان کے مڈھوں کو زمین میں ملانے سے زمین کی زرخیزی اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔