اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.01 فیصد کا معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی) بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 12 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں صارفین کیلئے قیمتوں کا عمومی اشاریہ 319.28 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 0.01 فیصد …
ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.01 فیصد کا معمولی اضافہ ریکارڈ

مزید خبریں
اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.01 فیصد کا معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی) بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 12 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں صارفین کیلئے قیمتوں کا عمومی اشاریہ 319.28 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 0.01 فیصد اور گزشتہ سال کے مقابلہ میں 14.36 فیصد زیادہ ہے۔ پیوستہ ہفتہ میں صارفین کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 319.24 اور گزشتہ سال 279.18 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا۔ ہفتہ رفتہ میں روزمرہ استعمال کی 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
اس کے برعکس 15 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ گزشتہ ہفتہ کے دوران کیلے کی قیمت میں 6.04 فیصد، دال ماش 1.33 فیصد، گندم 0.97 فیصد، ایل پی جی 0.96 فیصد، انڈے 0.91 فیصد، آلو 0.80 فیصد، دال مسور 0.59 فیصد، دال مونگ 0.58 فیصد، پیاز 0.44 فیصد اور واشنگ سوپ کی قیمت میں 0.22 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کے برعکس ٹماٹر کی قیمت میں 6.62 فیصد، سب سے کم آمدنی والے گروپ کیلئے بجلی کی قیمتوں میں 4.13 فیصد، چکن 3.77 فیصد، دال چنا 2.43 فیصد، لہسن 2.24 فیصد، بیف 1.13 فیصد، مٹن 0.71 فیصد، تازہ دودھ 0.11 فیصد، دہی 0.10 فیصد، جارجٹ 0.06 فیصد اور شرٹنگ کی قیمت میں 0.04 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔
سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 ماہانہ آمدنی والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.58 فیصد کا اضافہ ہوا۔ 17 ہزار 733 روپے سے لے کر 22 ہزار 888 روپے اور 22 ہزار 889 روپے سے لے کر 29 ہزار 517 روپے ماہوار آمدنی والے گروپوں کےلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.69 اور 0.05 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 29 ہزار 518 روپے سے لے کر 44 ہزار 175 اور اس سے زیادہ ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپوں کے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.12 فیصد اور 0.30 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ صارفین کےلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ردوبدل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔








