اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):تھانہ کرپا کے علاقے جاپان روڈ پر ملزمان کی پولیس ٹیم پر فائرنگ جس کے نتیجے میں پولیس کے زیر حراست ملزم حمید اللہ افغانی اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔پولیس ترجمان کے مطابق پولیس ٹیم ملزم کو ریکوری کے لئے لے کرجارہی تھی۔
جونہی ملزم کو گاڑی سے اتارا گیا تو دوموٹرسائیکلوں پر چار ملزمان نے اچانک فائرنگ کردی۔دوپولیس افسران فائرنگ کی زد میں آئے جواحتیاطی تدابیر کی وجہ سے محفوظ رہے۔ملزمان کی فائرنگ سے پولیس حراست میں موجود ملزم حمیداللہ افغانی شدید زخمی ہوگیا۔
ملزم کو طبی امداد کے لئے فوری پمز ہسپتال منتقل کیا گیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔ملزم تھانہ ہمک پولیس کے پاس چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر تھا۔ہلاک ملزم اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں قتل، ڈکیتی، چوری اور ناجائز اسلحہ کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ڈاکو اپنے ساتھی کو پولیس سے آزاد کروانا چاہتے تھے۔ ملزمان فائرنگ کے بعد اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔