اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی اورسابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ کل ایک ایسے شخص نے ٹویٹ کیا ہے جو اس ملک میں جمہوریت، آئین، امن، پارلیمانی کی بالادستی نہیں چاہتا بلکہ اس ملک کی تباہی اوربربادی چاہتا ہے، پاکستان کے 25 کروڑ عوام اپنی فوج، آرمی چیف اورچیف جسٹس کے ساتھ کھڑی ہے۔
ہفتہ کوقومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر راجہ پرویزاشرف نے کہاکہ ہائوس کاتقدس اورعزت و توقیر ہونا چاہیے، یہ عزت اس وقت ہوگی جب ہم دل سے تسلیم کریں کہ یہ پاکستان کاسب سے بڑا اور سپریم ادارہ ہے، آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جو باتیں کی ہیں اوراس پر اپوزیشن لیڈر کا جو ردعمل آیا ہے وہ بلا جواز تھا، گزشتہ تین چار روز سے ایوان میں جو باتیں ہوئیں اس سے امید پیدا ہو گئی تھی کہ حالات شائد بہتری کی طرف جا رہے تھے، چیئرمین نے صرف بانی پی ٹی آئی کے بیان کی وضاحت مانگی ہے اس پراپوزیشن لیڈر کووضاحت کرنا چاہیے تھی، میں بھی سمجھتاہوں کہ یہ ٹویٹ ایک ایسے فرد نے کی ہے جو اس ملک میں جمہوریت، آئین، امن، پارلیمانی کی بالادستی نہیں چاہتا بلکہ اس ملک کی تباہی اوربربادی چاہتا ہے،
کیاکوئی محب وطن ایسا ٹویٹ کرسکتاہے اوراپنے اداروں کومتنازعہ بناسکتاہے، خداکاخوف کرنا چاہیے سب سے پہلے پارٹی قائد کے ساتھ نہیں بلکہ ملک کے ساتھ وفاداری کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جس ڈگرپرچل رہی ہے وہ تباہی اوربربادی کی طرف جارہی ہے، اس سے ملک اورپارلیمان کونقصان ہوگا۔ان کاچئیرمین لوگوں کومونچھوں سے پکڑ کرجیلوں میں ڈالنے کی بات کرتے تھے، اس ملک کی سیاست کوپراگندہ کردیا گیاہے
،یہ لوگ سیاست کوگندہ کررہے ہیں۔ یہ نفرتیں بیچنے اورپھیلانے والے لوگ ہیں،اچکزئی صاحب بتائے کہ ان رویوں سے آئین، قانون اورپارلیمان مضبوط ہوسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کے بازوشمشیرہیں، ان لوگوں نے ہماری شہیدوں کی توہین کی ہے اوریہ خود کوپاکستانی بھی کہتے ہیں، جی ایچ کیو، کورکمانڈرکے گھروں پرحملوں سے بھارت کوخوش کردیا گیاہے
، پاکستان کے 25کروڑ عوام اپنی فوج، آرمی چیف اورچیف جسٹس کے ساتھ کھڑی ہے،یہ لوگ کس کی زبان بول رہے ہیں۔انہوں نے یہ لوگ اتفاق رائے، پاکستان،جمہوریت، پارلیمان اورپاکستان کے عوام کے دشمن ہیں۔