اپنی ناکامیوں کوچھپانے کیلئے یہ اداروں پرحملہ آورہوجاتے ہیں، انجینئر امیر مقام

126
وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی بین الوزارتی اجلاس کا انعقاد

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ صوبہ میں امن کیلئے ہم قربانیاں دی ہے اورکسی کو ان قربانیوں کوسبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، خاکی وردی والوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں صوبہ کیلئے قربانیاں دیں اور امن قائم کیا۔ ہفتہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ کل رحیم یار خان اور اس سے پہلے باجوڑ میں تحریک انصاف کو شکست ہوئی ہے۔ پارلیمان میں ہونے والے واقعہ کی سب نے مخالفت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمر ایوب کے ساتھ میرا تعلق اور واسطہ رہا ہے، میں مشرف کے ساتھ تھا اور انہوں نے مجھے عزت دی ہے مگر میں نے کبھی بھی ان کے خلاف بات کی ہے اور نہ گالی دی ہے۔ میں وزارت چھوڑکرمسلم لیگ ن میں آیا ہوں۔ جنرل مشرف کی فوتگی پرمیں ان کی نمازجنازہ میں گیا ہوں مگراپوزیشن لیڈرجن جماعتوں میں رہے ہیں انہی سیاسی قیادت کے خلاف باتیں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے دورمیں میرے، میرے خاندان سمیت مسلم لیگ ن کے خلاف مسلسل انتقامی کاروائیاں کی گئی ہے، اس وقت خیبرپختونخوا میں جوکچھ ہورہاہے، وہاں ملک کے خلاف جوہورہاہے وہ افسوسناک ہے۔ سب سے زیادہ کرپشن خیبرپختونخوا میں ہورہی ہے، جنگلات سے لیکرگندم اورپوسٹنگ وٹرانسفرز تک رشوتیں اورکرپشن کابازارگرم ہے۔

جن لوگوں نے سچ بولنے کی ہمت کی انہیں پارٹی سے نکالا گیا۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان اورٹی ٹی پی سے خود بات کرنے سے پہلے بھی حالات خراب ہوئے تھے، وزیراعلیٰ وفاق کوچیلنج کررہاہے، وزیراعلی کے اپنے ضلع میں لوگ شام کے بعد گھروں سے نہیں نکل سکتے، اپنی ناکامیوں کوچھپانے کیلئے یہ اداروں پرحملہ آورہوجاتے ہیں، پولیس کواداروں کے خلاف سٹرائیک پراکسایاجارہاہے، یہ خطرناک صورتحال ہے،

یہ لوگ پشتونوں کے تشخص کونقصان پہنچارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان پرچارخودکش حملے ہوئے ہیں، میرابھائی شہید ہواہے مگرہم ڈٹ کربات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مریم نوازشریف کے خلاف جوباتیں کی گئی وہ قابل مذمت ہے، ماوں، بہن اوربیٹیوں کااحترام کرنا چاہئے، گنڈاپورہماری لاشوں کوکراس کرکے پنجاب جاسکتے ہیں،

ہم نے صوبہ میں امن کیلئے قربانیاں دی ہے اورکسی کو ان قربانیوں کوسبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، خاکی وردی والوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں صوبہ کیلئے قربانیاں دی ہے اورامن قائم کیا۔ گنڈاپورکواداروں پرحملوں اوربھڑکوں کی بجائے اپنی کارگردگی پرتوجہ دینا چاہیے۔